یوم یکجہتی کشمیر، عوام سڑکوں پر نکل آئے، کراچی میں 20کلومیٹر طویل ہاتھوں کی زنجیر

581
کراچی: جماعت اسلامی کراچی کے تحت یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر شارع فیصل پرانسانی ہاتھوں کی زنجیر کی مختلف علاقوں کی تصاویر جبکہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق شرکا اور میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

مظفرآباد/اسلام آباد/ لاہور/ کراچی، کوئٹہ/ نیویارک/ لندن/ برسلز (نمائندگان جسارت +اسٹاف رپورٹر +خبر ایجنسیاں) پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھر پور جوش و جذبے سے منایا گیا،مظاہرے ریلیاں ، انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی گئیں ، اہم شاہراہوں اور عمارتوں پر کشمیر کے پرچم لہرائے گئے جبکہ مظاہروں کے دوران کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے اور مودی کے پتلے نذر آتش کیے گئے، کراچی میں جماعت اسلامی کے تحت 20کلو میٹر طویل ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں دن کاآغاز مساجد میں کشمیریوں کے لیے دعائوں سے کیا گیا،یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں ریلیاں اور اجتماعات منعقد کیے گئے ،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے تقاریب کے ذریعے کشمیریوں سے بھرپوریکجہتی کی گئی ۔یوم یکجہتی کشمیر کی مرکزی تقریب مظفر آباد میں منعقد کی گئی جس میں پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے پلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔، اس کے علاوہ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے متعدد مقامات پر دستخطی کیمپ بھی لگائے گے۔کشمیری عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لیے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ رابطہ کارکوایک یادداشت پیش کی گئی ۔ راولپنڈی ہولاڑپل پر کشمیریوں سے یک جہتی کے لیے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی، اراکین اسمبلی، اے سی کہوٹہ، سماجی کارکنان اور اسکول کے بچوں سمیت سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ کوئٹہ، چمن شہر میں بھی یوم یک جہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا گیا ، شہر کی اہم شاہراہوں اور اہم عمارتوں پر کشمیر کے پرچم لہرا دیے گئے ، مختلف ریلیوں کا انعقاد بھی کیا گیا ۔لاہورمیں بھی دن بھر مختلف تقاریب اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ،دن کا آغاز مساجد میں کشمیریوں کے لیے دعائوں سے کیا گیا ۔ جنرل اسپتال میں یوم کشمیر کے حوالے سے ریلی نکالی گئی ۔لاہور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام بلڈ ان دی ویلی کے عنوان سے تصویری نمائش کا اہتمام کیا ۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے فیصل چوک مال روڈ پر یوم کشمیر کی ریلی سے خطاب کیا۔پنجاب اسمبلی سے لاہور پریس کلب تک یوم یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی جس کی قیادت وفاقی وزیر و سابق چیئرمین سینیٹ محمد میاں سومرونے کی ۔ریلی میں سیاسی ، سماجی ، دینی ، تاجر تنظیموں اور نوجوان طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔پنجاب اسمبلی کے سامنے کارکنوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے بد ترین مظالم اور اقوام متحدہ کی بے حسی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ کراچی میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کی قیادت میں کراچی میں ریلی نکالی گئی، ریلی میں موجود طلبہ اور اساتذہ نے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنا کر رہیں گے، مودی نے نہتے مسلمانوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا، قائداعظم کا دو قومی نظریہ بالکل درست تھا، پوری دنیا سے اپیل کرتے ہیں بھارتی مسلمانوں پر مظالم کا نوٹس لے، مودی کیخلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ کیا جائے۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا، وزیراعظم نے پوری دنیا میں کشمیر کاز کو اجاگر کیا، متنازع شہریت بل سے بھارت مزید ٹکڑوں میں تقسیم ہوگا، پاکستان دنیا بھر میں کشمیر کا مسئلہ موثر اندازمیں اٹھا رہا ہے، بھارت کو پیغام دینا چاہتے ہیں، کشمیر بنے گا پاکستان۔نعرہ تکبیر اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے فضا گونج رہی ہے۔ مظاہرین نے مودی کے پتلے اور تصاویر بھی نذر آتش کیں۔ شرکا نے عالمی برادری اور اسلامی ممالک کے سوئے ضمیروں کو جھنجوڑتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ادھر امر یکا میں بسنے والے کشمیریوں اور پاکستانیوں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ کیا، نیویارک کے مصروف ترین علاقے مین ہیٹن میں ٹیکسیوں پر کشمیر کی آزادی والے نعروں کے بورڈز لگا ئے گئے ۔فری کشمیر مہم کا اہتمام نیویارک کے ٹیکسی ڈرائیورز نے کیا۔ ٹیکسیوں پر کشمیر کی آزادی کے علاوہ بھارتی مظالم اور کئی ماہ سے جاری کرفیو کے خلاف نعرے درج تھے۔ ٹائم اسکوائر میں بھی بڑی تعدا د میں ٹیکسی ڈرائیورز گزرتے رہے۔اس کے علاوہ لندن اور برسلز سمیت دیگر ممالک میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں جس میں کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے اور مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم رکوانے کا مطالبہ کیا گیا۔

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے وزیر اعظم ،چیف آف آرمی اسٹاف اور اہل اقتدار و اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر کی آزادی کے لیے اب عملی اقدامات کریں ،پاکستان کی فوج پاکستان کے لیے ہے ،قوم کا مطالبہ ہے کہ وہ کشمیریوں کے لیے آگے بڑھے ، پور ی قوم ان کی پشت پر کھڑی ہوگی ،حکمران دورنگی اور منافقت چھوڑ کر اور امریکہ کی طرف دیکھنے کے بجائے ٹیپو سلطان بن کر جہاد کا اعلان کریں ،مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے او آئی سی کا اجلاس اسلام آباد یا مظفر آباد میں بلایاجائے ،اقوام متحدہ اپنی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے استصواب رائے کا حق دلوائے ،اہل کشمیر اور پوری کشمیری قیادت خراج تحسین کی مستحق ہے جو بدترین ریاستی جبر و تشدد کے باوجود آزادی کی جدوجہد میں مصروف ہے ، آج اہل کراچی اور بالخصوص خواتین مبارکباد کی مستحق ہیں جنہوں نے 20کلومیٹر طویل انسانی ہاتھوں کی زنجیر بناکر اہل کشمیر کو یہ پیغام دیا ہے کہ پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کے تحت یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر شارع فیصل پر میٹروپول تا قائد آباد 20کلومیٹر طویل ’’انسانی ہاتھوں کی زنجیر ‘‘ کے شرکا سے میٹروپول،نرسری بس اسٹاپ اور قائد آبادپر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی نے بھی خطاب کیا ۔واضح رہے کہ 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر قاضی حسین احمد نے 1990ء میں کیا تھا تب سے آج تک یہ دن کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی علامت کے دن کے طور پرمنایا جاتا ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے مزید کہاکہ کراچی سے چترال تک پوری قوم سڑکوں ،چوکوں اور چوراہوں پر نکلی ہوئی ہے ،طویل زنجیر نے ثابت کیا ہے اوربچے ، بوڑھے ، جوان ،مائیں ، بہنیں ،بیٹیاں اور سب مل کر اظہار یکجہتی کررہے ہیں کہ پوری قوم مظلوم اور نہتے کشمیریوں کی پشت پر ہے۔یہ ساری دنیا کو پیغام ہے کہ دنیا اگر چاہتی ہے کہ یہ خطہ ایٹمی جنگ سے محفوظ رہے اور امن و سلامتی کا گہوارہ بن جائے تو کشمیریوں کو جینے کا حق دیا جائے ،بھارت کی غلامی سے آزادی اور پاکستان سے الحاق کا حق دیا جائے ۔آج عوام یواین او سے مطالبہ کررہے ہیں کہ وہ خود اپنی قراردادوں کے مطابق مقوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور ریاستی جبر وتشدد کے شکار کشمیریوں کو استصواب رائے کے حق کو یقینی بنائے۔ اقوام متحدہ جنوبی سوڈان کوالگ کرنے اور مشرقی تیمور کو علیحدہ ریاست بنانے کے لیے تو سرگرم عمل ہوجاتی ہے لیکن کشمیریوں پر مظالم پر خاموش ہے اور ان کو حق خود ارادیت دلوانے کے لیے کچھ نہیں کرتی ۔انہوں نے کہاکہ آج انسانی ہاتھوں کی عظیم الشان اور طویل زنجیر علامت ہے کہ اگر دنیا ساتھ دے نہ دے پہلے پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے ،آج یوم کشمیر کے موقع پر ہم حکمرانوں سے بھی کہتے ہیں کہ 72سال ہوگئے آپ کی بے اثر تقاریر سے کشمیریوں کے لیے کچھ نہیں کیا جاسکا ، اس کے لیے اب پیش رفت کرنے اور عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ، اہل کشمیرکے لیے اور کشمیر کی آزادی کے لیے جہاد کا راستہ اختیار کرنا ہوگا ، بین الاقوامی قوانین کے تحت کشمیریوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کرے ۔

Hafiz Naeem ur Rehman
(file foto)

انہوں نے کہا کہ 6ماہ سے زائد عرصہ ہوگیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارتی غاصب افواج نے جیل خانہ بنادیا ہے اور عالمی برادری تماشا دیکھ رہی ہے ، ہمارے حکمران صرف تقریریں کررہے ہیں اور اچھی تقریریں کر کے سمجھتے ہیں کہ انہوں نے کشمیریوں کا حق ادا کردیا ۔مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کو شہید کیا جارہا ہے ،خواتین کی بے حرمتی کی جارہی ہے ،قبرستان آباد ہورہے ہیں ،کشمیری قیادت 85سالہ سید علی گیلانی ،شبیر شاہ،یاسین ملک ، آسیہ اندرابی قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں،18ہزار نوجوان جیلوں میں قید ہیں ، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر کے اسپتالوں سے زخمی نوجوانوں تک کو اٹھاکر لے جاتی ہے ، لیکن کشمیریوں کی جدوجہد آزادی آب و تاب کے ساتھ جاری ہے ،وہ اپنے شہداء کو پاکستان کے پرچم میں دفن کرتے ہیں اور ان کا ایک ہی نعرہ ہے کہ ہم پاکستانی ہیں ، پاکستان ہمارا ہے اورکشمیر بنے گا پاکستان۔انہوں نے کہاکہ آج کراچی کی خواتین ، بچوں ، بزرگوں ،نوجوانوں اور سب نے مل کر ثابت کیاہے کہ کراچی اور پورا پاکستان جاگ رہا ہے ،حکمران خواہ بزدلانہ اور معذرت خواہانہ رویہ اختیار کریں ،قوم اہل کشمیر کے ساتھ زندگی کے آخری لمحے اور خون کے آخری قطرے تک ساتھ رہے گی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ اہل کراچی نے شارع فیصل پر طویل زنجیر بناکر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے اور تاریخ رقم کی ہے ، کشمیر میں مسلمانوں پر ظلم کی انتہا کردی گئی ہے ،مودی اور آر ایس ایس کے غنڈے کشمیریوں پر زندگی تنگ کررہے ہیں ، اہل کشمیر کے لیے عالم اسلام کے حکمرانوں کی ذمے داری ہے کہ ہر طرح سے مدد کریں ،پوری امت کو ایک اور متحد ہونے کی ضرورت ہے اور حکمرانوں کو بھی مجبور کرنا پڑے گا کہ وہ کشمیریوں کے لیے زبانی جمع خرچ کرنے کے بجائے آگے بڑھیں ۔ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہاکہ آج کراچی کے عوام نے تاریخی اور فقید المثال ’’انسانی ہاتھوں کی زنجیر ‘‘ بنائی ہے اور میٹروپول تا قائد آباد تک ہزاروں مردوخواتین نے 20کلومیٹر طویل زنجیر بناکر کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا اور عالمی سطح پر یہ پیغام دیا ہے کہ اہل کراچی اور پوری قوم اہل کشمیر کے ساتھ ہے۔ اہل کراچی نے کشمیریوں اور کشمیریوں اور فسلطینی مسلمانوں کے حق اور ان کی حمایت میں ہمیشہ آواز بلند کی ہے اور ادا کرتے رہے گی۔