بھارت سے جنگ کے بغیر کشمیر کا مسئلہ حل ہونے والا نہیں، شیخ عقیل

71

مظفرآباد(صباح نیوز)یوم یکجہتی کشمیر دارالحکومت مظفرآباد میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی ،بینک روڈ پر زنجیر میںشہریوں ، سول سوسائٹی سمیت تمام مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے بزرگ ،نوجوان ،بچے ،طلبہ ،تاجر ،وکلا ، صحافیوں ،خواتین سمیت ہزاروں افراد کی شرکت، دارالحکومت کی فضا کشمیر بنے گا پاکستان ،ہم لے کر رہیں گے آزادی ،ہے حق ہمارا آزادی کے نعروں سے گونج اُٹھی ۔یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے نائب امیر جماعت اسلامی شیخ عقیل الرحمن ، سید ارشد حسین بخاری ،قاضی شاہد حمید ،خالد محمود زیدی ، سید نذیر حسین شاہ ،عبدالعزیز علوی ،عزیر غزالی ، عبدالرئوف سالک ،محمد لطیف عباسی ،سید عبدالصمد ایڈووکیٹ،ڈاکٹر ریاض احمد شیخ ،مولانا شیخ منظور احمد ، حبیب الرحمن بٹ،سید عمران علی شاہ ،،راجا ممتازحسین، سمیت دیگر نے خطاب کیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ فکری طور پر ہمارے حکمران بھارت سے جنگ نہیں کرنا چاہتے ،جب تک بھارت سے جنگ نہیں ہوتی اس وقت تک کشمیر کا کوئی فیصلہ نہیں ہوسکتا ،احتجاجوں،ریلیوں،جلسے جلوسوں سے اگر کشمیر آزادہوتا تو آج تک آزاد ہوچکا ہوتا ، بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے کشمیر کے اندر جو ہولناک کام کیا اُس کا خمیازہ بھگتنے کے لیے اب بھارت کو جواب دینا ہے ۔بھارت نے گزشتہ 6 ماہ سے کشمیر کو ایک بڑی جیل بنادیا ہے جس جیل میں ہمارے بھائی ،بزرگ ،نوجوان ،بچے ،بوڑھے ،خواتین کو قید کررکھا ہے اُن کو گھروں سے باہر نہیں نکلنے دیا جاتا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ کشمیر میں اس وقت آگ کی ہولی کھیلی جارہی ہے ،نوجوانوں کو گھروں سے اُٹھا کر شہید کیا جاتا ہے ،عورتوں کی عصمت دری کی جارہی ہے ،بچوں کو اُٹھا کر جیل میں بند کیا جاتا ،حریت رہنمائوں پر طرح طرح کے الزام لگا کر اُن کو جیل میں بند کر دیا جاتا ہے اُن پر ہر قسم کی پابندیاں عاید کردی جاتی ہیں ،اس وقت اُس پار کے ہمارے کشمیری بھائی جس اذیت کا شکار ہیں وہ ہم کبھی بھول نہیں سکتے ۔مقررین نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان جہاد کا اعلان کریں ایک دن وہ اعلان کریں دوسرے دن ان شاء اللہ ہمارے نوجوان اُس پار کشمیر میں داخل ہو کر کشمیری عوام کو آزادی دلانے میں اپنا کر دار ادا کریں گے ،وزیراعظم پاکستان عمران خان اس مرتبہ بھی کشمیریوں سے روایتی انداز میں یکجہتی نہ کریں بلکہ آزادی کشمیر کا واضح روڈ میپ دیںاور دوٹوک اعلان ، جہادکے سوا کوئی اور آپشن اور کوئی راستہ نہیں بچا ہے ،ضرورت اس بات کی ہے کہ بھارت کی اچھی طرح طرح مرمت کی جائے ۔