کشمیر زبانی جمع خرچ سے نہیں جہاد سے آزاد ہوگا، مولانا حامدالحق

86

اکوڑہ خٹک (آئی این پی) جمعیت علمائے اسلام اور دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا حامدالحق حقانی نے کہا ہے کہ کشمیر زبانی جمع خرچ اور نعروں سے نہیں بلکہ جہاد سے آزاد ہوگا، اقوام عالم کی کشمیر کے بارے میں پالیسی منافقانہ ہے، بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم متحد ہے، بھارت نے ہماری ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے کشمیری مسلمانوں پر گھیرا تنگ کر دیا ہے، اگر آج بھی ہمارے حکمرانوں نے عالمی قوتوں کو اعتماد میں لیا تو بھارتی وزیراعظم ضرور پیچھے ہٹیںگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور نریندر مودی کے مظالم کے خلاف جی ٹی روڈ اکوڑہ خٹک میں مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کنٹرول لائن پر روز گولہ باری اور دراندازی کررہا ہے اور ہمارے حکمران مصلحتوں کا شکار ہیں، حکومت کو چاہیے کہ وہ تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں اور سوشل سوسائٹی اور تمام طبقات سے وابستہ لوگوں کو اعتماد میں لے کر ٹھوس اور پائیدار پالیسی بنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی قربانیاں ضروررنگ لائیں گی، ہر کشمیری کے جنازے میں پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند ہو رہے ہیں، پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے اور اس خطے کا دفاعی اورفوجی لحاظ سے ایک مضبوط ملک ہے، ہم اس ملک کے دفاع کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔