مقبوضہ کشمیر کا طرز حکومت ’’ریاستی دہشتگردی‘‘ ہے، جام کمال

79

کوئٹہ (آن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے جو طرز حکومت اپنایا ہے وہ ریاستی دہشت گردی ہے، دنیا میں بھارتی سوچ اور رویے کیخلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں، نتائج بھگتنا پڑیںگے، بی جی پی کی حکومت کی بنیاد تنگ نظری کی پالیسی پر مبنی ہے اور بھارت مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ ظلم وجبر کا رویہ رکھے ہوئے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ یوتھ افیئرز کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے گورنر بلوچستان جسٹس (ر)امان اللہ خان یسین زئی، مشیر کھیل عبدالخالق ہزارہ او رپارلیمانی سیکریٹری دھنیش کمار نے بھی خطاب کیا۔ جام کمال نے کہاہے کہ تخلیق پاکستان کے وقت کچھ دانشوروں اور سیاسی اکابرین نے بھارت کے ساتھ رہنے کے تصور کو اجاگر کرکے اس وقت کے لوگوں کو ایسی ہی تصویر پیش کی تھی کہ مسلمانوں کے لیے علیحدہ مملکت کا قیام ضروری نہیں لیکن آج حقیقت سامنے آگئی ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ ریاست کا قیام کیوں ضروری تھا۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ امن،جمہوریت اور سیکولرازم کی دعویدار بی جے پی حکومت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آگیا ہے۔ بی جے پی کی حکومت آج مسلمانوں اور بھارت میں بسنے والی دیگر اقلیتوں کے ساتھ متعصبانہ سلوک کررہی ہے۔ دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی بی جے پی کا چہرہ بے نقاب کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی پارلیمنٹ کے انسانی حقوق کی پامالی کی قراردادوں کے نتائج بھارت کو بھگتنا پڑیں گے کیونکہ آج دنیا بھر میں بھارتی سوچ اور رویہ کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔