کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کو تیار ہیں ،کورکمانڈرز کانفرنس

158

راولپنڈی (اے پی پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات سے خطے پر منفی اثرات مرتب ہوں گے، پاکستانی افواج ہر قیمت پر کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر زکانفرنس جمعرات کو آرمی چیف کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ اجلاس میں ملک کی اندرونی سیکورٹی اور سرحدوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات خطے کے امن کے لیے نقصان دہ ہیں اور اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ پاکستان کی مسلح افواج ہر قیمت پر کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ اجلاس میں بھارتی ظلم و ستم کا بہادری سے سامنا کرنے پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ قابض بھارتی افواج کشمیریوں کی حق خودارادیت تحریک کو دبا نہیں سکتی۔ کور کمانڈرز اجلاس میں رد الفساد آپریشن میں پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ رد الفساد آپریشن کی وجہ سے ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی۔