پاکستان کشمیر کے حتمی حل کیلیے مطلوبہ کردار ادا کرے،عبدالرشید ترابی

119

راولپنڈی(صباح نیوز) جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر وچیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ تنازع کشمیر کے حتمی حل کے لیے ریاست پاکستان اپنا مطلوبہ کردار ادا کرے ،وزیر اعظم عمران خان آزادکشمیر اور حریت کانفرنس کے قائدین کو شامل کر کے قومی کشمیر پالیسی تشکیل دیں ،قائد اعظم کی کشمیر پالیسی کو بحال کیا جائے ،کشمیریوں کو بین الاقوامی سطح پر اپنا مقدمہ خود پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے ، کشمیری آزادی کے لیے پرعزم ہیں کرفیو کے باوجودشہدا کے جنازوں میں ہزاروں افرادشرکت کررہے ہیں، قاضی حسین احمد ؒ نے پوری قوم کو یکجا کرنے کے لیے یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا جو قومی سطح پر منایا جارہا ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صدر بار ایسوسی ایشن غلام مصطفی کندوال،سیکرٹری جنرل ملک فیصل ،راجہ امین سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔ عبدالرشید ترابی نے کہاکہ یورپ اور امریکا سمیت پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر زیر بحث آناخو ش آئند ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام معاہدے منسوخ کر کے جارحانہ سفارتی مہم منظم کرے ،یہ تاریخی موقع ہے حکومت پاکستان کشمیر کی آزادی کے لیے روڈ میپ کا اعلان کرے ۔