فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر نے کہا ہے کہ کمر توڑ مہنگائی اور بے روزگاری سے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جارہاہے جبکہ معاشی خوشحالی سمیت عوام کو ریلیف دینے والے حکومت کے تمام دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔ مہنگائی اور اپنے جائز حقوق کے لیے عوام کا سڑکوں پر آنا فطری بات ہے۔ شریعت کے نفاذ سے ہی ملک خوشحال معیشت بحال اور عوام کے مسائل حل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت نے اپنے وعدوں کے برعکس صرف 18ماہ کے دوران 7 ہزار 509 ارب سے زائد روپے کا ریکارڈ قرض لیا ہے جس کی وجہ سے اب غیر ملکی قرضے بڑھ کر 2804 ارب تک جا پہنچے ہیں۔ سبزی پھل فروٹ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ عام آدمی 2 وقت کی روٹی کے لیے بھی سخت پریشان ہے۔ حکومت اپنے وعدوں پر عمل کرتے ہوئے روزمرہ کی اشیائے خور ونوش کی قیمتوں کو کنٹرول، مہنگائی کے خاتمے اور عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔ موجودہ حالات نے عوام کو مایوسی میں دھکیل دیا ہے۔ ملک کے اندر جاری مسلسل مہنگائی کی لہر اشیا خورونوش کی قیمتوں میں اضافے حالیہ آٹے کی بوری کو مزید مہنگا کرنے سے عوام کو مہنگائی تلے دبوج دیا گیا ہے۔ ادویات کی قیمتیں ہرماہ کے حساب سے بڑھ رہی ہیں۔ بجلی، گیس، پانی کے بل عوام کی نیندیں حرام کررہے ہیںلیکن حکمران خواب خرگوش سے بیدار ہونے پر صرف وزرا اعلیٰ کا اجلاس کرکے خاموش ہوگئے۔