حکومت نے عوام سے خوشیاں اورمسکراہٹیں چھین لی ہیں ،رانا طہٰ

81

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے امیرراناطٰہٰ خاں،جنرل سیکرٹری ڈاکٹرمحمدانور، میاںعتیق الرحمن، رانانذیرخاں، میاں اعجاز حسین اور دیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ حکومت نے دیدہ دانستہ آئی ایم ایف کی غلامی اختیار کر کے عوام سے خوشیاں اور مسکراہٹیں چھین لی ہیں۔ لوگوں کے چہروں پر اداسی اور فکر مندی ہے۔ وزیراعظم نے قوم کو سبز باغ دکھا کر ملک کو دلدل میں دھکیل دیاہے۔ احتساب کا خواب دکھانے والے عوام کی عدالت میں لاجواب ہوچکے ہیں۔ حکومت کے اختیار میں ہوتا تو لوگوں کے سانس لینے پر بھی ٹیکس لگادیتی۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی سے حکمرانوں کے خلاف عوام کے غیظ و غضب میں ا ضافہ ہورہاہے۔ آٹے اور چینی کا بحرن پیدا کر کے عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکا ڈالنے والے وزیراعظم کے دائیں بائیں موجود ہیں مگر چوروں کو نہ چھوڑنے اور انہیں گریبانوں سے پکڑ کر عدالتوں کے حوالے کرنے کے دعوے کرنے والے وزیراعظم سب کچھ جانتے ہوئے چپ سادھے بیٹھے ہیں۔ اپنے ساتھ گپ شپ لگانے والے چند دوستوں کو جمع کر کے بنائی گئی حکومت ملکی مسائل میں اضافہ کر رہی ہے۔ بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ نوجوانوں میں نشے کی عادت بڑھ رہی ہے۔ حکومت نے سب سے زیادہ پریشان نوجوانوں کو کیاہے۔ روزگار اور ملازمتیں دینے کے خواب دکھا کر حکومت لوگوں سے ان کے روزگا ر چھین رہی ہے۔ اب لڑائی الیکشن کی نہیں رہی بلکہ پاکستان کو بچانے کی لڑائی ہے۔ ہر محب وطن کو پاکستان کی بقا و سا لمیت کی اس جدوجہد میں حصہ لینا ہوگا۔ احتساب کے نعروں سے ہوا نکل چکی ہے۔