لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) سینئر تجزیہ کار اور صحافی حامد میر نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے فارم ہاؤس پربھی شیلٹر ہوم بن سکتا ہے، پرویز مشرف کا گھر بھی ضبط شدہ جائداد ہے جو کہ چک شہزاد میں واقع ہے۔ انہوں نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں حکومت کی توجہ دلائی کہ اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں سابق صدر پرویز مشرف کا وسیع و عریض فارم ہاؤس بھی ضبط شدہ جائداد ہے۔یہاں پر بھی ایک عظیم الشان شیلٹر ہوم بن سکتا ہے۔ واضح رہے گزشتہ روز ضلعی حکومت لاہور نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے گلبرگ میں واقع رہائشگاہ ہجویری ہاؤس کو پناہ گاہ میں تبدیل کردیا ہے۔ اسحاق ڈار کی گلبرگ میں رہائشگاہ ہجویری ہاؤس 4 کنال 17مرلے پرواقع ہے۔محکمہ سوشل ویلفیئر نے رہائشگاہ پر پناہ گاہ کا بورڈ آویزاں کردیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر نے پناہ گاہ میں بیڈز ، میز کرسیاں اور ڈائننگ ٹیبل بھی لگوا دیے ہیں۔