مظفرآباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما سید وارث علی گیلانی نے صدر مملکت محمد عارف علوی سے ان کے آفس میں ملاقات کی، ملاقات میں سید وارث علی گیلانی نے صدر مملکت کو مسئلہ کشمیر پر جاندار مؤقف اور پالیسی اپنانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے عمران خان کی قیادت میں مسئلہ کشمیر کو جس نہج پر پہنچا دیا ہے وہ ایک تاریخی مقام ہے ،وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں مسئلہ کشمیر حتمی انجام کو پہنچنے والاہے۔بھارتی حکومت اس وقت ہندوتوا کے نظریے پر عمل پیرا ہے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام پر جو مظالم ڈھائے جارہے ہیں کہ اس کی بے نقابی اور کٹہرے میں لاکھڑا کرنے پر وزیراعظم عمران خان مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے مسئلہ کشمیر کی جاندار ترجمانی کرکے مسئلہ کشمیر کو ایک نئی روح عطا کی ۔اس موقع پر صدر مملکت پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارت جمہوریت اور انسانی قدروں سے عاری ملک ہے۔ برہان وانی اور دیگر شہداء کشمیری قوم کے ہیرو ہیں، بھارت سے وطن عزیز جموں کشمیر کی آزادی کے لیے اپنی قیمتی جانوں کے نظرانے پیش کرنے والے ان شہداء کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔ بھارت نے کشمیری عوام کی آزادی کی تحریک کو دبانے کے لیے فوجی طاقت کا بے دریغ استعمال کیا۔ شہید محمد افضل گورو کو 9 فروری 2013 کو اور شہید محمد مقبول بٹ کو 11فروری 1984 کو صرف کشمیری ہونے کی وجہ سے پھانسیاں دی گئیں۔ بھارت جعلی اور متعصب قوانین کے ذریعے ہی جموں کشمیر کی ریاستی وحدت کو پارہ پارہ کررہا ہے۔ پوری کشمیری قوم شہداء کی مقدس قربانیوں کی لاج رکھے گی۔