نئی تحریک سلیکٹڈ حکمرانوں کی رخصتی پر ختم ہوگی، اکرم درانی

109

بنوں (صباح نیوز) قومی اسمبلی کے اسٹینڈنگ کمیٹی آئل اینڈ گیس و توانائی کے رکن ایم این اے زاہد اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ تحفظ آئین پاکستان کے نام سے ایک نئی تحریک کا آغاز کردیا گیا ہے جو جعلی اور سلیکٹڈ حکمرانوں کی رخصتی پر ختم ہوگی، جمعیت علما اسلام سمیت دیگر 6 مذہبی جماعتوں پر مشتمل نئی تحریک سے حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے اور سیلکٹڈ سے حق لے کر اقتدار کو حقیقی معنوں میں عوام کو منتقل کریں گے، نئی تحریک کا پہلا جلسہ بنوں میں منعقد کریں گے جو بنوں کی سیاسی تاریخ کا تاریخ ساز جلسہ ہوگا جبکہ اس کے بعد ملک کے دوسرے حصوں میں جلسے ہوںگے، حکمرانوں نے ملک کے تمام اداروں کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے جبکہ ملکی معیشت ڈیڑھ سال میں بحال نہ ہوسکی، پرامن احتجاج اور دھرنے ملک کے ہر شہری کا بنیاد حق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحفظ آئین پاکستان کے نام سے جلسہ عام کے حوالے سے مختلف علاقوں میں دعوتی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم این اے زاہد اکرم خان درانی نے کہا کہ تحریک انصاف کے ڈیرھ سالہ دور حکومت میں مہنگائی اور بیروزگاری عام ہوگئی ہے الیکشن سے پہلے انہوں نے تبدیلی کے نام نہاد دعوے کیے تھے مگر اب تک ایک بھی وعدہ پورا نہیں ہوا اور اُلٹا غربیوں کو آٹے کے حصول کیلیے قطاروں میں لاکھڑا کیا ہے۔