لیویز فورس کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا‘ڈی جی بلوچستان

98

چاغی (اے پی پی)ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس مجیب الرحمن قنبرانی کا کہنا ہے کہ لیویز فورس کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے، بلوچستان میں امن و امان کو برقرار رکھنے میں لیویز فورس کا اہم کردار رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دالبندین کے دورے کے موقع پر کیا۔ ڈی جی بلوچستان لیویز فورس نے اس موقع پر لیویز فورس کے جوانوں سے بھی ملاقات کی اوران کے مسائل سننے کے بعد لیویز تھانے کی عمارت کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے کہا کہ دالبندین لیویز تھانہ کو بہت جلد نئے ڈیزائن میں تعمیر کیا جائے گا اس سلسلے میں فنڈز کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ لیویز جوانوں کو جدید ٹریننگ دی جائے گی جس سے ان کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور وہ اپنے فرائض کو بخوبی نبھائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر فورسز کی طرح لیویز فورس بھی بہادری کا مظاہرہ کررہا ہے اور ہر قسم کے حالات کو قابو کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔