افضل گوروکی برسی پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ،6 نوجوان گرفتار ،بھارت مخالف مظاہرے

99

سری نگر(خبر ایجنسیاں) کشمیری نوجوان شہید محمد افضل گورو کی برسی پر اتوار کو مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی گئی جبکہ شہید کشمیر مقبول بٹ کے یوم شہادت پر منگل کو بھی مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ اتوار کے روز ہڑتال کے نتیجے میں معمولات زندگی معطل رہے اس دوران کئی مقامات پر بھارت مخالف احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے ۔ سری نگر، بڈگام، گاندربل، بارہ مولا، بانڈی پورہ، پلوامہ، شوپیاں اور دیگر اضلاع کی عام شاہراہوں اور گلیوں سمیت تمام اہم مقامات پرشہید محمد افضل گورو اورشہید کشمیر مقبول بٹ کی برسی کے سلسلے میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں ۔ ان پوسٹرز پر شہید محمد افضل گورو اورشہید کشمیر مقبول بٹ کے
جسد خاکی ان کے ورثا کو لوٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ کے پی آئی کے مطابق بھارت نے کشمیر کی جدوجہد آزادی میں کردار ادا کرنے پر 2013ء میں محمد افضل گوروکو اورگیارہ فروری 1984ء میں محمد مقبول بٹ کو نئی دلی میں تہار جیل میں پھانسی دی تھی اور ان کے جسد خاکی جیل کے احاطے میں سپردخاک کردیے گئے تھے۔ اتوار اور منگل کی ہڑتال کی اپیل جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ، کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم اور حریت پسند تنظیموں نے کی ہے جس کا مقصد شہدا کے مشن اور آزادی کی جدوجہد کو آگے بڑھانے کے لیے اپنے عزم کی تجدید کرنا ہے۔مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھارتی فوج کے محاصرے چھاپے جاری رہے ۔ سرینگر اور ضلع بڈگام میں پولیس نے دو الگ الگ واقعات میں 6 افراد کو گرفتار کیاہے۔ عامر شفیع ڈار ، شبیر احمد گنائی اور مدثر احمد خان کو بڈگام میں گرفتار کیا گیا ۔دوسری جانب شہید کشمیر مقبول اورشہید محمد افضل گورو کی برسی پر ہڑتال کی اپیل کرنے پرجموں و کشمیر لبریشن فرنٹ(جے کے ایل ایف) کیخلاف سری نگر کے کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن میںمقدمہ درج کر لیا گیا۔ بھارتی حکومت نے جے کے ایل ایف پر سرگرمیاںکی روک تھام ایکٹ1967ء کے تحت گزشتہ سال مارچ میں پابندی عاید کردی تھی۔کے پی آئی کے مطابق جموں و کشمیر پولیس نے ہڑتال کال کے حوالے سے کم سے کم 4صحافیوں کو بھی پوچھ گچھ کے لیے بلایا تھا۔