بلوچستان حکومت: تنور مالکان کو آٹے کی خریداری کیلیے کارڈ اجرا کا فیصلہ

103

کوئٹہ (آن لائن) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بلوچستان میں گیس، پانی، بجلی، روزگار سمیت دیگر مسائل کے حل کیلیے کوشاں ہیں، حکومت نے تنور مالکان کو آٹے کی خریداری کیلیے کارڈز جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، حالیہ بڑھتی مہنگائی پر جلد قابو پالیا جائے گا یوٹیلٹی اسٹورز سے غریب عوام کو سستی اشیا مہیا ہوں گی، کرپشن زدہ نظام ورثے میں ملا ہے جسے ٹھیک کرنے کی
کوشش کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلال احمر کے تعاون سے حالیہ بارشوں اور برفباری سے متاثرہ افراد کو امدادی سامان تقسیم کرنے کے موقع پر کیا۔ قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک وژن اور سوچ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں حالیہ بڑھتی ہوئی مہنگائی پر جلد قابو پا لیا جائے گا، ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے عوام کی مدد کی جائے گی، غریب عوام کو سستی اشیا مہیا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ترک صدر طیب اردوان 14فروری کو پاکستان کا تاریخی دورہ کریں گے، ان کا تاریخی استقبال کیا جائے گا، طیب اردوان عالمی دنیا میں مسلمانوں کے لیڈر ہیں، 14فروری کو پارلیمنٹ کے جوائنٹ سیشن سے بھی خطاب کرینگے۔ اردوان کی پاکستان آمد پر تاریخی معاہدے ہونگے جس سے پاکستان میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی اور سرماریہ کاری میں اضافہ ہوگا۔