نااہل حکمرانوں نے غریب کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کردیا ہے

107

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی112کے امیر رائے محمدجاویدنے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں نے غریب کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کردیا ہے۔آٹے اور چینی کے بحران جنات نے نہیں انسانوں نے پیدا کیے،یہ انسانیت کے دشمن ہیں جو اپنی چند روز ہ زندگی کی عیش و عشرت کے لیے غریب عوام سے زندہ رہنے کا حق چھین رہے ہیںاور خود دولت کے انبار لگارہے ہیں۔یہ کام کوئی کسان،مزدور یا رکشہ ڈرائیور نہیں بلکہ اثرو رسوخ والے وہ لوگ کررہے ہیں جنہیں حکومت کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔انہوںنے کہا کہ ایف بی آر کی کارکردگی پہلے سے بھی زیادہ کمزور ہے۔ایف بی آر نے ان لوگوں پر کوڑے برسائے جو پہلے ہی ٹیکس دے رہے تھے۔شبر زیدی بھاگ گئے اور حفیظ پاشا اڑان بھرنے کو تیار بیٹھے ہیں۔جب آئی ایم ایف کا ایجنڈا مکمل ہوجائے گا یہ بھی واپس چلے جائیں گے۔ان کا مقصد پاکستان کی معیشت کو ٹھیک کرنا نہیں تھا یہ تو آئی ایم ایف کو دینے کے لیے عوام کا خون نچوڑ کرٹیکس اکٹھا کررہے تھے،آئی ایم ایف کو حکومت پر اعتماد نہیں تھا لہٰذا اس نے اپنے لوگوں کو لاکر بٹھا دیا۔ان لوگوں کے خاندان اور کاروبار باہر ہیں ،یہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے حکم پر پاکستان آتے ہیں اور اپنا ہدف پورا کرنے کے بعد چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت تباہی کے دھانے پر کھڑی ہے۔بجٹ خسارہ ساڑھے 4 ٹریلین تک پہنچ گیا ہے۔ملکی معیشت قریب المرگ ہے اور ملک معاشی بدحالی کے بدترین دور سے گزر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے نا صرف پاکستان کا حال تباہ کیا بلکہ ان کی پالیسیوں کی وجہ سے ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل بھی تاریکیوں کی نذر ہوگیا ہے۔