بلوچستان ضلع مستونگ میں پولیس فائرنگ،دو مشتبہ افراد ہلاک

101

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پولیس کی فائرنگ سے دو مشتبہ افرادہلاک ہوگئے ۔پولیس حکام کے مطابق مستونگ میں نیو بس اڈا کے قریب پولیس اہلکاروں نے ناکہ بندی کے دورن ایک موٹر سائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد کو روکا اور ان سے تلاشی لی۔ اس دوران ایک مشتبہ شخص کی جیب سے دستی بم کی پنیں برآمد ہوئیں تو پولیس نے ان سے پوچھ گچھ شروع کردی۔ مشتبہ افراد نے فرا ر ہونے کیلیے پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی کی اور ایک اہلکار کو اینٹ ماردی جس سے وہ زخمی ہوگیا۔ مشتبہ افرادنے اہلکاروں سے اسلحہ چھیننے کی کوشش بھی کی جس پر پولیس نے فائرنگ کرکے دونوں کو قتل کردیا۔ لاشیں شناخت کیلیے سول اسپتال مستونگ منتقل کی گئیں ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مارے جانے والوں میں سے ایک کی شناخت شمس الدین کے نام سے ہوئی ہے جو مستونگ کے علاقے دشت کا رہائشی تھا۔