آئی ایم ایف کی شرائط کو معیشت کے لئے خطرہ نہ بننے دیا جائے،صدر حیدرآباد چیمبر

71

حیدرآباد (کامرس ڈیسک) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈڑز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ نے کہا ہے کہ ملک میں ریکارڈ توڑ مہنگائی کے سبب کاروبار کرنا شدید متاثر ہوگیا ہے۔ آئے روز پالیساں بدلنے سے انڈسٹریوں کو نقصان ہورہا ہے کیونکہ انڈسٹریاں پالیسی کے مطابق اپنا معاہدہ طے کرچکی ہوتی ہیں لیکن حکومت پالیسیاں بدل کر انڈسٹریوں کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس سلسلے میں حکومت کو لانگ ٹرم پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے۔ وہ بزنس کمیونٹی سے اپنے دفتر چیمبر میں گفتگو کررہے تھے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کرے، پاکستان کا ٹیکسٹائل سیکٹر ہی سب سے بڑا ایکسپورٹ اورینٹڈ سیکٹر ہے۔ ماضی میں کپاس کی پیداوار پاکستان مقامی طلب کے مطابق اور ہمسایہ ملک بھارت سے زائد تھی لیکن بدقسمتی سے پالیسیوں میں روئی کی کاشت سے لاپرواہی کی گئی جس کی وجہ سے پاکستان کو کپاس کی پیداوار میں کمی کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اُنہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیر صنعت و تجارت عبدالرزاق دائود اور چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سے مطالبہ کیا کہ معیشت کے لیے مثبت پالیسیاں بنائیں جائیں جس سے بزنس کمیونٹی مستفیض ہو اور انڈسٹریاں اپنا کام جاری رکھ سکیں۔