امریکہ کو پاکستان کے ساتھ فوجی مشقوں کیلئے فنڈز کی ضرورت

206

واشنگٹن: وہائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والی ایک دستاویز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کےساتھ  فوجی تعلیم اور تربیت کو دوبارہ بحال کرنے کیلئے کانگریس سے فنڈز کا مطالبہ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاک امریکی مشترکہ فوجی تربیت کو دوبارہ شروع کرنے کے لئے امریکہ نے کانگریس سے ساڑھے تین لاکھ ڈالرز کا مطالبہ کیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے اپنی درخواست میں کانگریس سے انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (آئی ایم ای ٹی) پروگرام کے لئے مجموعی طور پر 104.9 ملین ڈالرز طلب کیے ہیں۔ ان 104.9 ملین ڈالرز میں سے جنوبی اور وسطی ایشیائی خطے کےفوجی افسران کی تربیت کے لئے 12.7 ملین ڈالرز مختص کیے گئے ہیں جس میں پاکستانی افواج کی تربیت کے لئے 3.5 ملین ڈالرز بھی شامل ہیں۔

اس درخواست میں پورے جنوبی اور وسطی ایشیائی خطے کو شامل کیا گیا ہے تاہم پاکستان، ہندوستان، بنگلہ دیش اور نیپال کو اولین ترجیح قرار دیا گیا ہے۔

اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ان فوجی افسران کے انتخاب کا عمل شروع کردیا ہے جن کو اس پروگرام کے تحت امریکہ بھیجا جائے گا۔

واضح رہے کہ ماضی میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث  امریکی حکومت نےآئی ایم ای ٹی پروگرام سے پاکستان کو معطل کردیا تھا اور وہ مقامات بند کردیئے تھے جو پاکستانی افسران کی تربیت کیلئے مختص کیے گئے تھے۔