شہر کی معروف شاہراہیں ٹوٹ پھوٹ کاشکار ہیں ،عبدالستار

116

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی114کے امیر میاں عبدالستار بیگا ،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم،راناوسیم احمدایڈووکیٹ،حاجی محمدحنیف اوردیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شہرکی تمام معروف شاہرائوںٹوٹ پھوٹ کا شکارجبکہ انتظامیہ بے حسی کا شرمناک مظاہرہ کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ جھنگ روڈ،ستیانہ روڈ،شیخوپورہ روڈ، جڑانوالہ،سرگودھاروڈاوردیگرچھوٹے بڑے روڈٹوٹ پھوٹ چکے ہیں جگہ جگہ پڑے کھڈوںکے باعث شہری ٹریفک حادثات کا شکاراورموٹرسائیکل سمیت دیگرگاڑیاں کھٹارا بن رہی ہیں،جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے جڑانوالہ روڈکی ٹوٹ پھوٹ خستہ حالی بالخصوص ڈھڈی والاراجباہ سے آگے پیٹرول پمپ تک سٹرک کی انتہائی خستہ حالی کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 2سال میں جڑانوالہ روڈ کے دوسومیٹرکے اس ٹکرے کو کئی بار تعمیر کیاگیالیکن ناقص میٹریل،ٹھیکیداروںاورمتعلقہ اداروںکی کرپشن اور انتظامیہ کی نااہلی کے باعث یہ سٹرک آج بھی کچے راستے کامنظرپیش کررہی ہے پتھروں اور گٹروں کے پانی نے شہریوںکایہاں سے گزرنادوبھرکررکھاہے بارش ہونے کی صورت میں یہاں دریا کامنظربن جاتاہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر اورٹریفک حادثات میں بھی اضافہ ہوجاتاہے۔رہنمائوں نے کہاکہ اراکین اسمبلی کی عدم توجہی کے باعث فیصل آبادکی تمام رابطہ سڑکیں خستہ حالی کا شکار ہونے سے حادثات میں غیرمعمولی اضافہ ہوگیاجبکہ متعلقہ اداروں نے بھی چپ سادھ رکھی ہے، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور گاڑیوں کی آمدورفت کے باعث حادثات معمول بن چکے ہیں، متعدد مقامات پر ٹوٹنے والی ان سڑکوں کی وجہ سے ٹریفک حادثات کی تعداد دن بدن بڑھ رہی ہے اور قیمتی گاڑیاں کھٹارا بن رہی ہیں۔ ہزاروں طلبا و طالبات تعلیم کے حصول کیلیے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرکے اسکول اور کالجز میں آتے جاتے ہیں۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے اعلیٰ حکام سے سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کانوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے جڑانوالہ روڈکی فوری تعمیرکا مطالبہ کیا ہے۔