مقبوضہ کشمیر ، تحریک المجاہدین کے سابق امیرعبداللہ غزالی کو شہید کردیا گیا

338

سری نگر ،مظفرآباد(صباح نیوز)مقبوضہ کشمیر میں تحریک المجاہدین کے سابق امیر اعلیٰ عبدالغنی ڈار المعروف عبداللہ غزالی کو شہید کردیا گیا ۔ان پر ما ئسیمہ سری نگر کی ایک مسجد میں نامعلوم افراد نے اس وقت آہنی راڈ سے وار کیا جب وہ نماز میں مصروف تھے۔رسو بیروہ بڈگام سے تعلق رکھنے والے شہید عبداللہ غزالی کی عمر 78 سال تھی۔ انہوں نے پوری زندگی دین کی تبلیغ اور بھارتی تسلط سے وطن عزیز کی آزادی کے لیے جدوجہد میں گزاری۔ عبداللہ غزالی کو جہاد کشمیر کی تاریخ کے عمر رسیدہ مجاہد ہونے کا اعزاز بھی حاصل تھا۔ متحدہ جہاد کونسل کے سیکرٹری جنرل اور تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمن نے عبداللہ غزالی کے بیہمانہ قتل کا ذمے دار بھارتی حکومت اور اس کے انتہا پسند ایجنٹوں کو قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ایک عمر رسیدہ شخصیت کو سفاکانہ طور پر بے رحمی سے سرکاری دہشت گردی کا شکار بنا کر واضح پیغام دیا ہے کہ دہلی کے حکمران کشمیری بچوں اور بزرگوں سے بھی کس قدر خوفزدہ ہیں اور وہ کشمیری عوام کو ہر صورت میں اعلانیہ اور چھپ کر بھی بے رحمی سے قتل کرنے کی پالیسی پر قائم ہیں۔