اسلام میں ویلنٹائن ڈے جیسے تہواروں کی کوئی گنجائش نہیں ہے

68

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ضلعی ناظمہ نجمہ خانم نے کہا ہے کہ اسلام میں ویلنٹائن ڈے جیسے تہواروں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اسلام کسی بھی قسم کی بے حیائی اور فحاشی و عریانی کی اجازت نہیں دیتا۔ویلنٹائن ڈے جیسی تقاریب منانا، اسلامی کلچر اور تعلیمات کے صریحاً منافی ہے اور کوئی بھی مسلمان اس بے حیائی اور بے راہ روی کا تصورہی نہیں کرسکتا، یہ ایک ایسی بُرائی ہے جس سے بے شمار بُرائیاں جنم لیتی ہیں اس بُرائی کی مخالفت کرنا اور اسکو روکنے کیلیے ضروری تدابیر اختیار کرنا، ہر ایک مسلمان مرد وعورت کی انفرادی اور اُمت مسلمہ کی اجتماعی ذمے داری ہی۔ انہوں نے کہا ہے کہ اُمت مسلمہ کی تشکیل ہی نیکیوں کے پھیلائو اور بُرائیوں کے انسداد کیلیے ہوئی ہے اور اس طور یہ اس اُمت کی منصبی ذمے داری ہی۔یاسرکھارا نے کہاکہ اُمت میں بُرائیوں کو فروغ دینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی ہے چہ جائیکہ کہ اُمت سے وابستہ افراد ہی اس کارِ بد کو انجام دینے میں ملوث ہوں جو لوگ اُمت مسلمہ میں برائی کو فروغ دینے کے درپے ہوں اُن کے متعلق قرآن کا فیصلہ ہے کہ ایسے لوگوں کو دُنیا اور آخرت دونوں مقامات پر درد ناک عذاب کا سامنا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مسلم معاشرے میں بے راہ روی، بے حیائی اور دیگرسماجی جرائم کو بڑے پیمانے پر فروغ دینے کا سلسلہ شدومد سے سرکاری وغیر سرکاری ذرائع کی معاونت سے جاری وساری ہے اور اب ویلنٹائن ڈے جیسی حیا کُش تقاریب کے انعقاد سے اس کو مزید بڑھا وادیا جارہا ہے جو کہ ہر ایک مسلمان فرد اور تنظیم کے لیے بہت ہی حساس مسئلہ ہے اور اس پر تشویش کا پیدا ہونا، ایک فطری امر ہے اور اس کے خلاف پُر امن احتجاج کرنا اور بیداری کی مہم چلانا بھی مسلمان کا حق ہی۔