بلوچستان،مختلف حادثات وواقعات میں 7افراد جا ں بحق ،6 زخمی

102

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں فائرنگ کے واقعات اور حادثات میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔ بلوچستان کے صنعتی علاقے حب کی جام کالونی میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک بھائی جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ جاں بحق اور زخمی کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ حب کے نواحی علاقے دریچہ میں پیٹرول پمپ کے قریب دو افراد کی لاشیں ملی ہیں، جنہیں پراسرار طور پر قتل کیا گیا جبکہ پولیس اس سلسلے میں تفتیش کررہی ہے۔ حب میں ہی ایک اور واقعہ میں 10 سالہ بچی کی لاش سیورج لائن سے برآمد کرلی گئی۔ بچی کی لاش کو سول اسپتال حب منتقل کرکے ورثا کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ دوسری جانب ڈام سمندر سے ایک شخص کی لاش برآمد کرلی گئی ہے جس کی شناخت ماہی گیر حسن کے نام سے ہوئی ہے، جو ضلع سجاول سندھ کا رہائشی ہے۔ شناخت کے بعد میت آبائی علاقے روانہ کردی گئی۔ واضح ہو کہ ماہی گیر ڈام بندر کے سمندر میں مچھلی کے شکار کے دوران کشتی سے گر کر لاپتا ہوگیا تھا۔ کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹائون میں گیس لیکج کے باعث دم گھٹنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا، جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت عبدالاحد کے نام سے ہوئی ہے۔ بلوچستان کے ضلع نوشکی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا جبکہ مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوگیا، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ قلات کے علاقے بینچہ کے قریب قومی شاہراہ پر کار اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے، لیویز کے مطابق زخمیوں کو ڈی ایچ کیو منتقل کردیا گیا۔