ڈگری کالج قاسم آباد کے لاپتا طلب عالم کو بازیاب کرانے میں ناکام

132

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) قاسم آباد سے 33 روز قبل پراسرار طور پر لاپتا ہونے والے ڈگری کالج قاسم آباد کے طالبعلم مہران میرانی کی بازیابی کے لیے ورثا اور شاگرد اتحاد کی جانب سے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین لاپتا طالبعلم کی بازیابی کا مطالبہ کررہے تھے۔ اس موقع پر طالبعلم مہران میرانی کے بھائی شاہ جہاں میرانی اور شاگرد اتحاد کے رہنمائوں نور احمد، عزیز شاہ اور قادر ڈکن سمیت دیگر نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ 13 جنوری کی شام کو طالب علم مہران میرانی قاسم آباد سے وحدت کالونی جارہا تھا کہ اس دوران راستے میں سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار طالب علم کو اُس کی موٹر سائیکل سمیت اپنے ساتھ لے گئے اور اس واقع کے بعد طالب علم کو تمام تھانوں پر تلاش کیا گیا لیکن پولیس نے اُس کی گرفتاری سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی رپورٹ قاسم آباد تھانے پر درج کرائی گئی ہے لیکن پولیس نے اب تک مہران میرانی کو بازیاب نہیں کرایا ہے۔ انہوں نے حکام بالا اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لے کر انٹر کے طالب علم مہران میرانی کو بازیاب کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرکے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے۔