کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی انتظامیہ نے مہنگائی کے خلاف نئی حکمت عملی تیار کی ہے جس کے تحت تین نجی کمپنیاں آن لائن رابطہ کے ذریعے خریداروں کو گھر گھر سبزی اور فروٹس فراہم کریں گی۔ابتدائی طور پر یہ سروس ضلع شرقی اور ضلع جنوبی کے علاقوں میں شروع کی جائے گی،
جس کے لئے تینوں کمپنیوں کو کمشنر کراچی نے اجازت نامے جاری کردئے ہیں کمپنیوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ سبزیاں اور فروٹس سرکاری نرخ پرفروخت کریں،
جمعہ کو کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس مین تینوں کمپنیوں کے نمائندوں اور متعلقہ افسران نے شر کت کی جس میں آن لائن سروس کے ذریعے لوگوں کو گھر گھر سبزی اور فروٹس کی سرکاری نرخ پر فراہمی کو یقنی بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا،
کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا کہ اس سروس سے سرکاری نرخ پر سبزی اور فروٹس کی فراہمی کی کوششوں میں مدد ملے گی۔کمشنر نے تینوں کمپنیوں کو پابند کیا کہ وہ سرکاری نرخ پر سبزی اور فروٹس فروخت کریں گے یقنی بنائیں گے کہ اول درجہ کے فروٹس ہوں اور سبزیاں تازہ ہوں،
کمشنر نے مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ نجی کمپنیوں کو آکشن ریٹ پر سبزیاں اور فروٹس فراہم کریں انھوں نے ڈپٹی کمشنرز کو کہا کہ وہ نجی کمپنیوں کو انتظامات کے سلسلہ میں ہر ممکن مدد کریں،
اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈی کے مارٹ ضلع شرقی کے علاقوں میں اپنی سروس فراہم کر ے گی،21 فروری سے آن لائن سروس کے ذریعے گھرگھر سبزیاں اور فروٹس فراہم کرنے کی سروس شروع کی جارہی ہے،
جبکہ ضلع جنوبی کے شہری بھی اس سروس سے مستفید ہوسکین گے۔ نجی کمپنی ایشا ٹیلکو Asiatelco فروری کے اواخر میں ضلع جنوبی میں اپنی سروس کا آغاز کرے گی دیگر اضلاع میں بعد ازاں سروس شروع کی جائے گی۔