جنرل اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر پر ترکی کے اصولی موقف پر شکریہ ادا کرتے ہیں،فردوس عاشق

204

اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ترک صدر کا جنرل اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر پر ترکی کے اصولی موقف پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ترک صدر کا پاکستان کی پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے چوتھی بار خطاب کرنا دونوں ممالک کے مابین لازوال دوستی کا مظہر ہے۔ پاک ترک سٹریٹیجک شراکت داری سے متعلق اعلی سطحی مشاورت کا چھٹا اجلاس دونوں ممالک میں مزید قربت کا باعث ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ترک صدر کا دورہ دوطرفہ معاشی و اقتصادی، تجارتی و ثقافتی روابط کو نئی بلندیوں پر لیجانے کا باعث بنے گا، تجارتی و کاروباری تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ، جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر ہمارے موقف کی بھرپور تائید وحمایت کے باعث پاکستان کے عوام کے دل میں ترک قیادت اور عوام کے لئے خصوصی احترام ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر پر ترکی کے اصولی موقف پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکی بے مثال دوستی کے بندھن میں بندھے ہیں۔ مذہب اور ثقافت پر مبنی یہ رشتے دونوں ممالک کے عوام کے دل سے جڑے ہیں۔رجب طیب اردگان اور عمران خان کی قیادت میں دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں کو چھورہے ہیں۔