سیاسی قیادت کو غدار قرار دینا حکومت کا چھوٹا پن ہوگا، بلاول بھٹو

247

اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کیا حکومت سیاسی قیادت کو غداری کی مد میں سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے گی؟

 تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ  سنا ہے حکومت نے فضل الرحمان اور خواجہ آصف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے، ایسے مقدمات کیے گئے تو یہ حکومت کا چھوٹا پن ہوگا۔

بلاول بھٹو  کا کہنا ہے کہ سیاسی ورکرز اور سیاسی قیادت کے خلاف غداری کے مقدمے کس طرح بنا رہے ہیں؟ کیا حکومت سیاسی قیادت کو غداری کی مد میں سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے گی؟

واضح رہے کہ  وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سربراہ جمعیت علماء اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کے خلاف آرٹیکل  6 کے تحت کارروائی ہو گی، کیونکہ انہوں نے خود اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے حکومت کے خلاف دھرنا کسی ایجنڈا کے تحت کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کام سازش کے زمرے میں آتا ہے، جس پر حکومت فضل الرحمان پر آرٹیکل 6کا مقدمہ درج کرنے جا رہی ہے۔