سراج الحق کا 20 فروری سے مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان

182

اسلام آباد:امیر جماعت اسلامی وسینیٹر سراج الحق نے 20 فروری سے مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

امیر جماعت اسلامی وسینیٹر سراج الحق نے اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے سامنے مہنگائی و بیروزگاری کے خلاف مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نعروں اور اعلانات تک محدود ہے، لوگ مہنگائی اور بیروزگاری کے ہاتھوں تنگ آ کر خود کشیاں کر رہے ہیں، لوگ گندم، آٹا، چینی اور دال کیلیے لائن میں لگے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دائیں بائیں بیٹھے لوگوں نے چینی کی بلیک مارکیٹنگ سے 45ارب روپیہ اور آٹے میں 55 ارب کمایا، حکومت عوام کو سبسڈی دینے کے بجائے دھوکہ دے رہی ہے کسان ، ڈاکٹر، مریض، ، اساتذہ، طلبا، مزدور اور  ملازمین سب کے سب پریشان ہیں۔

امیر جامعت اسلامی نے کہا کہ موجودہ حکومت کے آنے کے بعد سانس لینا مشکل ہو گیا ہے، پاکستان کے 22 کروڑ عوام شدید معاشی بحران کا شکار ہیں، مہنگائی سے ملک دیوالیہ ہوگیا جبکہ تبدیلی کا نعرہ قبر کے سکون پر دفن ہو گیا۔

سراج الحق نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف سے کیے گئے تمام معاہدے فوری منسوخ کرے، حکومت ملک کی جمع پونجی آئی ایم ایف کے حوالے کر رہی ہے، آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے زہر کے نوالے ہیں جو عوام ہضم نہیں کر سکتے۔

بعد ازاں انہوں نے ترکی کے صدر طیب اردگان کا پاکستان آمد پر خیر مقدم اور خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ طیب اردگان سے درخواست کروں گا ہمارے وزیراعظم کو بھی سمجھائیں پاکستان کو معاشی مسائل سے کیسے نکالیں، ترکی نے ہمیشہ کشمیر فلسطین پر دوٹوک موقف اختیار کیا ہے جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔