پی پی اور ( ن) لیگ کی لوٹ مار کاخمیازہ عوام بھگت ر ہے ہیں،عمر ایوب

70

حطار(آن لائن)وفاقی وزیر توانائی عمرایوب خان نے کہا ہے کہ لاڑکانہ کے کتے عوام کو کاٹ رہے ہیں، سندھ کی گندم ہڑپ کرنے والا چوہا نما ہاتھی کون تھا، پیپلز پارٹی اور( ن) لیگ کی لوٹ مار کاخمیازہ تحریک انصاف کی حکومت اور عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، اپنی جیبیں بھرنے کے لیے مہنگی بجلی بنائی گئی،لوٹ مار اور کرپشن کرنے والے کس منہ سے عمران خان جیسے مرد مجاہد وزیر اعظم پر تنقید کررہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ترناوہ کالج گرائونڈ میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے عوام اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ( ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی کرپٹ حکومتوں نے ملک کو30ہزار ارب کے قرضوں کے بوجھ تلے دبا کر اس قدر لوٹ مار کی جسکی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ عمر ایوب خان نے کہا کہ عمران خان وہ مرد مجاہد لیڈر ہے جس نے مودی کی دھمکی کے جواب میں کہا تھا کہ میں سوچوں گا نہیں بلکہ کر گزروں گا اور پھر عمران خان کی قیادت میں افواج پاکستان نے بالاکوٹ میں چند درختوں اور ایک کوے کے مارے جانے کا بدلہ بھارت کے2 جنگی جہاز گرا کر لیا، اسے کہتے ہیں لیڈر شپ۔ عمرایوب خان نے کہا کہ اپوزیشن کو معلوم ہے کہ عمران خان سچا اور کھرا لیڈر ہے اورعوام کے مفادات پر سودے بازی نہیں کرتا، اسی لیے اپوزیشن چور مچائے شور کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ عمرا یوب خان نے کہا کہ ہم عوام کے غلام ہیں۔