خیبر پختونخوا سے جلد بیروز گاری ختم کردیںگے،محمود خان

63

حطار(آن لائن)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں کی لوٹ مار کی وجہ سے حالات کی سختی ہے ،6 ماہ کے اندر صوبہ اور مرکز اپنے پائوں پر کھڑا ہوجائے گا، اپوزیشن کی چیخ وپکار کی اصل وجہ چوری اور لوٹ مار کو چھپانا ہے، عمران خان کرپشن کرتے ہیں نہ کرنے دیں گے، ہر ہفتے عوام سے ٹیلی فون پر بات کروں گا، پولیس اور پٹواریوں سمیت کسی بھی محکمے کے خلاف شکایات کا براہ راست ازالہ کروں گا،انڈسٹری کو سستی بجلی فراہم کرکے صوبے سے بے روزگاری کا خاتمہ کریں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے خانپور اور ترناوہ میں ترقیاتی منصوبہ جات کے افتتاح کے بعد ترناوہ کالج گرائونڈ میں منعقدہ جلسے سے خطاب کے دوران کیا جلسے کی صدارت سابق امیدوار صوبائی اسمبلی راجا اعجاز اختر نے کی اس موقع پر رہنما تحریک انصاف یوسف ایوب خان، وفاقی وزیر تونائی عمر ایوب خان، صوبائی وزیر تعلیم اکبر ایوب خان، مشیر برائے ہائر ایجوکیشن خلیق الرحمن، ایم پی اے وچیئرمین ڈیڈک ارشد ایوب خان،رہنما تحریک انصاف طاہر اقبال،راجا عتیق الرحمن سمیت ڈویثرن، ضلع وتحصیل انتظامیہ کے اعلیٰ افسران، سیاسی وسماجی شخصیات کے علاوہ عوام کی ایک بڑی تعداد موجود تھی، قبل ازیں وزیر اعلیٰ محمود خان نے خانپور ڈیم فیسٹیول میں شرکت کی جس کے بعد انہوں نے تحصیل خانپور کے دفاتر کے ساتھ ٹائون ہال، ٹی ایم اے آفس، ریسکو 1122 سروس، ڈگری کالج اور ترناوہ تا کوہالہ روڈ کی تعمیر کے منصوبہ جات کی تختی کی نقاب کشائی کی۔ وزیر اعلی محمود خان نے کہا کہ عوام وقتی سختی برداشت کریں6 ماہ کے اندر اندر نہ صرف صوبہ بلکہ وفاق بھی اپنے پائوں پر کھڑا ہوجائے گا، صوبے بھر کی انڈسٹری کو سستی بجلی فراہم کریں گے جس سے بے روزگاری میں کمی آئیگی۔ جون تک عوام کو صحت انصاف کارڈ کی سہولت فراہم کریں گے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ترناوہ تا کوہالہ روڈ، گرلز ڈگری کالج سمیت تمام ترقیاتی منصوبہ جات کوجلد سے جلد مکمل کریں گے اور ان منصوبہ جات کے لیے فنڈز کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔