گمشدہ طالب علم مہران میرانی کے ورثا کا عدم بازیابی پر احتجاج جاری

56

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) قاسم آباد میں36روز قبل گرفتار کرکے گم کیے گئے طالب علم مہران میرانی کے ورثا اورطالبعلم ساتھیوں کی جانب سے جاری72گھنٹے کی علامتی بھوک ہڑتال اور احتجاج، جئے سندھ قومی محاذ آریسر کے چیئرمین اسلم خیر پوری ‘ وائس چیئرمین امیر آزاد پنہور ودیگر نے کیمپ میں پہنچ کر بھوک ہڑتال پر موجودہ افراد کو جوس پلاکر بھوک ہڑتال ختم کراتے ہوئے طالب علم کی گمشدگی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے لیکن سندھ میں ریاست ماں کی جگہ ڈائن کا روپ دھار چکی ہے۔ اس موقع پر بھوک ہڑتال پر موجود افراد شاہ میرانی‘ نور محمد ‘ ممتاز میرانی‘ عزیز شاہ‘ شہزاد عباس اور اسرار سنجرانی و دیگر کی حالت خراب ہوگئی تھی جس کی وجہ سے ڈاکٹرز کے ذریعے ان کو ڈرپس لگائی گئی۔ ورثا نے کہاکہ ہم نے قاسم آباد تھانے میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی ہے پولیس اب تک کوئی کارروائی نہیں کرسکی ہے ۔انہوںنے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ معاملے کا فی الفور نوٹس لے کر طالب علم مہران میرانی سمیت دیگر گمشدہ افراد کو فی الفور بازیاب کراکے آزاد کیاجائے اور ورثا کو انصاف فراہم کیاجائے ۔