مقبوضہ کشمیر:بھارت کا سیدعلی گیلانی سے ملاقات کی اجازت سے انکار

91

سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے کشمیری عوام کو کل جماعتی حریت کانفرنس کے علیل چیئرمین سیدعلی گیلانی سے ملاقات کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے، انہیں گزشتہ کئی دنوں سے دیگر امراض کے علاوہ سینے میں تکلیف کا سامنا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حیدر پورہ میں بزرگ رہنما کی رہائش گاہ کے باہر بھارتی فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے تاکہ ان کی عیادت کے لیے کوئی ان کے گھر نہ جا سکے، گاڑیوںاورلوگوںکو تلاشی کے بعد علاقے سے واپس بھیجا جا رہا ہے۔ حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے سرینگر سے جاری اپنے بیانات میں کہاہے کہ بھارتی حکومت سید علی گیلانی کو علاج معالجے کی مناسب سہولتوںسے محروم رکھ کر انہیں جان سے مارنے کی سازش کر رہی ہے۔ دوسری جانب بھارت نے کشمیر مخالف پالیسیوں پر بھارت پر کڑی تنقید کرنے والی برطانوی رکن پارلیمنٹ ڈیبی ابراہم کو نئی دہلی میں گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آمد کے بعد ملک میں داخل ہونے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ لیبر پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ڈیبی ابراہم جو برطانوی پارلیمنٹ میں کل جماعتی کشمیر پارلیمانی گروپ کی سربراہ بھی ہیں، دبئی سے نئی دہلی ائر پورٹ پہنچیں تو ہوائی اڈے پر بھارتی حکام نے ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا۔ ڈیبی ابراہم نے ائر پورٹ پر پیش آنے والے واقعے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہاکہ جب انہوںنے امیگریشن کائونٹر پراپنی دستاویزات دیں تو وہاں موجود افسر نے اپنی کمپیوٹر اسکرین پر دیکھتے ہوئے انکار میں سرہلانا شروع کردیا، اس کے بعد انہیں بتایا گیا کہ ان کا ویزا منسوخ کر دیاگیا ہے، اس کے بعد مجھے ڈی پورٹ ہونے والے مسافروں کے سیل منتقل کر دیا گیا، میرے ساتھ بھارتی افسر کا رویہ انتہائی جارحانہ تھا۔