حیدرآباد:بلدیہ کی کارروائی ،مضر صحت گوشت ضبط

100

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ میٹ سیکشن سٹی نے میمن اسپتال کے قریب کارروائی کرتے ہوئے گدھاگاڑی پر لدھا 5من سے زائد مضر صحت پریشر والا گوشت برآمد کرکے تحویل میں لے لیا، گوشت گنجان آبادی والے علاقے نورانی بستی میں قائم غیرقانونی مذبحہ سے سٹی کے مختلف علاقوں میں دکانوں پر فروخت کے لیے لایاجارہا تھا، عملے نے6 دکانوں پرجالیوں سے بغیر ڈھانتے فروخت کیے جانے والا ڈھائی من سے زائد گوشت پر ہزاروں روپے جرمانہ عائد کردیا۔ بلدیہ میٹ سیکشن سٹی نے میمن اسپتال کے قریب گئو شالا گیٹ پر کارروائی کرتے ہوئے گدھاگاڑی پر لدھا 5 من سے زائد مضر صحت پریشر والے گوشت کو تحویل میں لے کر تلف کردیا، عملے کو اطلاع ملی تھی کہ نورانی بستی میں قائم قصاب انیس اور ریحان نامی شخص کے غیرقانونی مذبحہ سے مضر صحت پریشر والا گوشت سٹی کے مختلف علاقوں میں گوشت کی دکانوں پر سپلائی کے لیے لایا جارہا ہے۔ تحویل میں لیے گئے گوشت کو عملے نے بلدیہ کے مرکزی دفتر منتقل کیا تو بڑی تعداد میں قصاب بھی بلدیہ دفتر پہنچ گئے اور عملے پر معمولی جرمانہ کرکے گوشت حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہے، مگر ماہرین نے معائنے کے بعد برآمد گوشت کو مضر صحت قرار دیتے ہوئے عملے کو چونا ڈال کرتلف کرنے کی ہدایت کردی ،دوسری طرف میٹ سیکشن کی تین ٹیموں نے سٹی کے مختلف علاقوں اور گوشت مارکیٹوں کا دورہ کرتے ہوئے جالیوں سے گوشت ڈھانپے بغیر فروخت کرنے والی 6 دکانوں سے ڈھائی من سے زائد گوشت تحویل میں لے کر ہزاروں روپے جرمانے اور تنبیہ کے بعد واپس کردیا، میٹ سیکشن کے انچارج ندیم غوری نے بتایا کہ آئندے ہفتے سے روزانہ کی بنیاد پر گوشت مارکیٹوں اور دیگر مقامات پر قائم گوشت کی فروخت اور سپلائی کی مانیٹرنگ کی حکمت عملی ترتیب دی ہے اور ہر صورت پریشر والے، لاغر جانوروں اور چسنا گوشت کی فروخت کی روک تھام یقینی بنائے جائے گی۔