سری نگر (صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر میں یو اے پی اے کے تحت متعدد مشتبہ افراد کے خلاف اپنی نوعیت کی پہلی عام ایف آئی آر درج کرلی گئی۔ کے پی آئی کے مطابق سری نگر میں پولیس ہیڈکوارٹرز سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ سائبر پولیس اسٹیشن کشمیر زون کی جانب سے متعددسوشل میڈیا صارفین کے خلاف حکومتی احکامات نہ ماننے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا غلط استعمال کرنے پر ایف آئی آر درج کی گئی۔ حکام کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین سید علی گیلانی کا ایک وڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا گیا اور اسے لوگ شیئر کرنے لگے۔ جموں وکشمیر میں سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی لگنے کے بعد لوگ پراکسی سرور کے ذریعے اس کا استعمال کر رہے تھے۔ گیلانی کا وڈیو ایسے ہی پراکسی سرور سے اپ لوڈ کیا گیا اور لوگوں نے اسے شیئر کرنا شروع کر دیا۔