عمران خان ناکامی کا اعتراف کرچکے ‘ مستعفی ہوجائیں‘ خورشید شاہ

151

سکھر(آن لائن/صباح نیوز) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان مہنگائی سمیت دیگر مسائل پر قابو پانے کے حوالے سے اپنی ناکامی کا اعتراف کرچکے ہیں اس لیے وہ مستعفی ہوجائیں اور اپنی جگہ اپنی جماعت سے کسی اور فرد کو لائیں اپوزیشن ان کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان آرٹیکل 6 کو خراب نہ کریں ، اس کا بغور مطالعہ کریں اگر وہ مولانا فضل الرحمن کے خلاف کوئی ایسا اقدام کرتے ہیں تو پھر ان کی خود کی سول نافرمانی کی باتیں بھی سامنے آئیں گی ،بلاول کی گرفتاری ان کے لیے اور اپوزیشن کے لیے پیش رفت ثابت ہوگی ہمارے لیے یہ کوئی نئی بات نہیں ہوگی، پارلیمنٹ ہی وہ فورم ہے جہاں پر تمام ملکی مسائل حل ہوسکتے ہیں ، لیکن پارلیمنٹ میں تو وہ بات نہیں ہورہی ہے جو ہونی چاہیے ،مہنگائی کی وجہ سے خطرناک انقلاب آسکتا ہے، ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے ،میرا اپوزیشن کو مشورہ ہوگا کہ وہ حکومت کی گالم گلوچ کا جواب نہ دے۔انہوں نے کہا کہ یو این او کے سیکرٹری جنرل کی پاکستان آمد اچھی بات ہے گزشتہ دنوں طیب اردوان نے بھی اپنے دورے کے موقع پر اچھی باتیں کی ہیں لیکن اب ہم پر منحصر ہے کہ ہم اپنے کتنے دوست بناتے ہیں۔ علاوہ ازیںاحتساب عدالت سکھر نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ کیس کی سماعت 9 مارچ تک ملتوی کر دی۔ منگل کو خورشید احمد شاہ، ان کے 2 بیٹوں فرخ شاہ، زیرک شاہ، داماد صوبائی وزیر سید اویس شاہ اور 2 بیگمات سمیت 18 افراد کے خلاف ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زاید اثاثے بنانے کے الزام میں دائر نیب ریفرنس کی سماعت سکھر کی احتساب عدالت میں ہوئی۔ خورشید شاہ کواین آئی سی وی ڈی سکھر سے عدالت لایا گیا، پارٹی کارکنوں نے استقبال کیا۔ ریفرنس کے ملزم جنید قادر شاہ پیش نہیں ہوئے، گزشتہ سماعت میں عدالت نے جنید قادر کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔جنید قادر کے وکیل کا مؤقف ہے کہ ان کے موکل ملک سے باہر ہیں وطن واپس آتے ہی عدالت میں پیش ہوجائیں گے۔ خورشید شاہ سمیت 18 افراد کے خلاف نیب نے احتساب عدالت سکھر میں ریفرنس دائر کر رکھا ہے۔