اسلام آباد (کامرس ڈیسک)موڈیز نے ترسیلات زرمیں اضافہ پاکستانی بینکوں کے لیے مثبت قرار دے دیا اور کہا 2018 میں ترسیلات زروصول کرنے والے ممالک میں پاکستان کا7واں نمبرہے ، ترسیلات زر میں مزید اضافہ متوقع ہے۔تفصیلات کے مطابق عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان سے متعلق رپورٹ جاری کی ہے ، جس میں کہا گیا ہے ترسیلات زرمیں اضافہ پاکستانی بینکوں کے لیے مثبت ہے، ترسیلات زرمیں رواں مالی سال اوسط4 فیصد ماہانہ اضافہ ہورہا ہے۔موڈیز کا کہنا ہے کہ 2018 میں ترسیلات زروصول کرنے والے ممالک میں پاکستان کا7واں نمبرہے ، ترسیلات سے ہا ؤس ہولڈ ڈپازٹس میں اضافہ ہوا، جو پاکستانی بینکوں کے لیے مثبت ہے، ڈپازٹس میں اضافہ بینکوں کے منافع اور سیالیت کوبہتربنانے کا باعث بنے گا۔عالمی ریٹنگ ایجنسی کے مطابق پرسنل فنانسنگ کے حصول کارجحان کم ہونے باعث پاکستانی بینکوں کے منافع میں آہستہ آہستہ اضافہ ہوگا جبکہ پیشگوئی کی ہے کہ پاکستان کی ترسیلات زرمیں مزید اضافہ متوقع ہے۔یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کا کہنا تھا کہ پاکستانی بینکوں کا آؤٹ لک مستحکم ہے اور یہ آؤٹ لک آئندہ 18 ماہ تک مستحکم رہے گا، ڈپازٹس اور حکومتی قرض گیری مستحکم آؤٹ لک کا سبب ہے۔موڈیز کے مطابق پاکستانی بینکوں کی ڈپازٹس اور لکویڈٹی کی صورتحال بہتر ہے، بینکوں نے بڑی مقدار میں حکومتی بانڈز میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے، بینکوں کا منافع بہتری کے باوجود تاریخی سطح سے کم رہے گا۔عالمی ریٹنگ ایجنسی کا کہنا تھا کہ ریاست کے قرض لینے کی صلاحیت بہتر ہونے کا فائدہ بینکوں کو ہوا ہے، معاشی نمو کم ہونے کے باوجود شرح سود کئی سالوں تک کم نہ ہونے کے مارکیٹ اندازے ہیں۔
معاشی سرگرمیاں ترقیاتی منصوبوں، امن و امان اور بجلی کے سبب بہتر رہیں گی۔