پشاور (آن لائن) وفاق نے سول پوسٹوں پر بھرتیوں کے لیے خیبر پختونخوا کے کوٹے میں اضافہ کرتے ہوئے 11.5 فیصد کر دیا ہے اور وفاقی حکومت کی براہ راست تمام اسامیوں پر نئے کوٹے کے مطابق بھرتیاں ہو ں گی، قبائلی اضلاع کا کوٹہ 3فیصد ہو گا اور یہ کوٹہ 10 سال کے لیے ہو گا، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے صوبائی اور علاقائی کوٹے پر بھرتیوں کے نئے اعلامیے سے صوبائی حکومت کو آگاہ کر دیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری آفس میمو ر نڈم کے مطابق میرٹ کا کوٹہ 7.5 فیصد ہوگا، پنجاب کا کوٹہ (بشمول اسلام آ باد کا وفاقی ایریا) 50 فیصد، سندھ کا 19 فیصد ہوگا، اس19 فیصد میں 40 فیصد اربن ایریا کے لیے ہوگا جس میں کراچی، حیدر آ باد اور سکھر شامل ہیں، 60فیصد رورل ایریا کے لیے ہوگا۔ خیبر پختو نخوا کا کوٹہ 11.5 فیصد، بلوچستان کا 6 فیصد، گلگت بلتستان کا کوٹہ ایک فیصد اور آ زاد کشمیر کا کو ٹہ 2 فیصد ہو گا۔