مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے مزید 3نوجوانوں کو شہید کردیا

68

سرینگر /نئی دہلی(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوںنے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران بدھ کو ضلع پلوامہ میں 3 نوجوان شہید کر دیے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نوجوانوں کو محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ علاقے میں بھارتی فوج کا آپریشن جاری ہے۔علاوہ ازیں بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کی وڈیوسوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے الزام میں ان کے گھریلو ملاز م سراج الدین گنائی کو سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں واقع سید علی گیلانی کے گھر کے باہر گرفتار کیا ہے ۔ بھارتی پولیس کے افسر نے سراج الدین کی گرفتار ی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے پوچھ گچھ کے لیے تھانے منتقل کیا گیا۔ ادھرکمیونسٹ پارٹی آف انڈیاکے جنرل سیکرٹری اور بھارتی پارلیمنٹ کے سابق رکن سیتا رام یچوری نے مقبوضہ کشمیر میں سوشل میڈیا صارفین کے خلاف درج کیے جانے والے مقدمات پر بھارتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ایک طرف کشمیر میں حالات معمول پر آنے کی بات کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف انٹرنیٹ استعمال کرنے والے افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جارہے ہیں ، بی جے پی حکومت غیر ملکی وفود کو کشمیر کے دورے پر لے جاتی ہے لیکن ملکی رہنمائوںکو وہاں جانے سے روک رہی ہے ،سیتا رام یچوری نے کہا کہ انہیں حکومت کی کشمیر مخالف کارروائیوں پر شرم آتی ہے۔ دریں اثنا ضلع اسلام آباد کے علاقے بیج بہاڑہ میں سڑک کے ایک حادثے میں 2 افراد سید امام دین اور سید علی زید جاں بحق ایک شخص زخمی ہوگیا۔