شہباز شریف بھی کراچی میں زہریلی گیس کے حوالے سے میدان میں آ گئے

57

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) شہباز شریف بھی کراچی میں پھیلی زہریلی گیس کے نقصان کے خلاف میدان میں آ گئے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام دیتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کراچی سے آنے والی خبریں پریشان کن ہیں کیوں کہ حکومت گیس لیکیج کے بحران پر قابو پانے میں ناکام ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں پنجاب حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ فرانزک لیب کے ذریعے مدد کرے کیونکہ پنجاب کی فرانزک ٹیم کے پاس مذکورہ گیس میں چھپے زہریلے عناصر کا جانچنے کی صلاحیت موجود ہے۔واضع رہے کہ کراچی کے علاقے کیماڑی میں گیس سے بھرے کنٹینروں سے زہریلی گیس پورے علاقے میں پھیل گئی تھی۔ تازہ اطلاعات کے مطابق زہریلی گیس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جبکہ گیس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق گیس سے جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہو گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 300 تک جا پہنچی ہے۔