معاشی حالات ٹھیک ہونے کے حکومتی دعوے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں

56

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی )جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے کہا ہے کہ معاشی حالات ٹھیک ہونے کے حکومتی اعلانات عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں ۔ قرضے اور واجبات میں 40 فیصد اضافہ ، محصولات میں 387 ارب روپے کی کمی ، ٹیکس محصولات جمع کرانے کی تاریخ میں ایک بار پھر اضافہ عمران خان حکومت کے پندرہ ماہ کی ناکامی کا کچا چھٹا ہے ۔ افراط زر اور پیداواری لاگت بڑھنے سے مہنگائی و بے روزگاری غریب اور متوسط طبقہ کے لیے ناقابل برداشت ہے ۔ معاشی حالات جس قدر تباہی کا شکار ہیں ،اسی وجہ سے اپر مڈل کلاس بھی بری طرح متاثر ہو رہاہے ۔ سود ، قرضے ، آئی ایم ایف کی غلامی سے نہیں ، خود انحصاری ، اپنی زراعت ، صنعت کو تحفظ دینے کی حکمت عملی سے بحران حل ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان سرکا ر نے 2020-21 ء بجٹ سے پہلے حالات کو سنبھالا نہ دیا تو حکومت کا بوریا بستر گول ہونا نوشتہ دیوار ہے ۔ چودھری عمرگجرنے کہاکہ تعلیم ، طلبہ ، اساتذہ ، اعلیٰ تعلیم و تحقیق حکومتی ترجیحات میں ہی نہیں۔ طلبہ و طالبات اور نوجوانوں نے عمران خان کی کامیابی کے لیے جو ہری کردار ادا کیا لیکن 22 سال کی جدوجہد اس لیے ناکام ہورہی ہے کہ معیشت ، ریاست ، پارلیمنٹ ، سماج چلانے کی اہلیت یا ٹیم ہی نظر نہیں آرہی ۔ پی ٹی آئی ممبران سراپا احتجاج ہیں جبکہ حکومتی اتحادی خود اپنی حکومت کو غیر جمہوری اور غیر اخلاقی منافقانہ روش سے تنگ ہیں ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان میں اہل ، دیانت دار ، اسلامی اور مستحکم منصفانہ خوشحال نظام لانے کے لیے نوجوانوں کو از سر نو جدوجہد کرنا ہو گی ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی ہی نوجوان نسل کی امنگوں اور ارمانوں کی حفاظت کر سکتی ہے۔