تلنگانا: بھارتی ریاست تیلنگانا کے ضلع جنگاؤں کے رہنے والے بُسا کرشنا، اپنے خدا ڈونلڈ ٹرمپ کے بھارتی دورے کی خوشی میں پھولے نہیں سما پا رہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 33 سالہ بُسا کرشنا، اپنے چھوٹے سے گھر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ رکھے پتلے کو پوجتے ہیں۔
ٹرمپ کی مجسمہ سازی میں کل ایک ماہ کا وقت صرف ہوا ہے جس میں کرشنا نے 15 مزدوروں کی خدمات حاصل کی تھیں۔ مجسمے کی لببائی 2 میٹر ہے۔ پتلے کو امریکی جھنڈے کے رنگ سے مشابہہ نیلے رنگ کا سوٹ اور سرخ رنگ کی ٹائی پہنائی گئی ہے۔ٹرمپ مجسمے کو اس انداز میں تعمیر کیا گیا ہے کہ وہ ہوا میں انگوٹھا اٹھائے ہوئے ‘ Thumbs up ’ کر رہے ہیں۔
کرشنا نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پوجا کرنے بعد فرانسیسی نشریاتی ادارے اے ایف پی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ صاحب میرے خدا ہیں۔ ان کے بھارتی دورے پر میں بہت خوش ہوں اور ان کو خوش آمدید کہتا ہوں۔
بُسا کرشنا نے مقامی میڈیا سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ میں ہر جمعے کو ڈونلڈ ٹرمپ کی لمبی عمر کے لئے روزہ رکھتا ہوں۔میں ان کی تصویر بھی اپنے پاس رکھتا ہوں اور کوئی کام شروع کرنے سے پہلے ان سے دعا کرتا ہوں۔
گزشتہ سال کرشنا نے مقامی اخبار تلنگانہ ٹوڈے کو بتایا تھا کہ وہ خدا سے دعا مانگ رہے ہیں کہ وہ ان کی ملاقات دوسرے خدا (ڈونلڈ ٹرمپ) سے کرادے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ 24 فروری سے شروع ہونے والے دو روزہ دورے پرآئیں گے اور نریندر مودی کی میزبانی میں بھارت کی ریاست راجستھان اور گجرات کا دورہ کریں گے۔