پورا ملک مہنگائی کی وجہ سے چیخ رہا ہے،اجمیل حسین ایڈووکیٹ

72

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی115کے امیراجمل حسین بدرایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حکومت قوم کو ریاست مدینہ کے نام پر دھوکا نہ دے ایک طرف حج سبسڈی کے لیے 5 ارب روپے نہیں دوسری طرف 4سو مندروں کی تعمیر نو پر150 ارب روپے خرچ کرنے کی بات کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال پاکستان میں 5 ارب روپے کی حج سبسڈی ختم کردی گئی جس کے بعد فی حاجی ایک لاکھ 60 ہزار روپے اخراجات میں اضافہ ہوا۔ اس وقت کے وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ خزانے میں پیسے نہیں، حکومت ادھارلے کر حج سبسڈی پر پیسے خرچ نہیں کر سکتی لیکن وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وزیر اعظم نے 400 مندر منتخب کر لیے ہیں جن کی مرمت پر 150 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مدینے کی ریاست میں 5 ارب روپے حج سبسڈی کی مد میں دینے کو نہیں تو مندروں کے لیے 150 ارب روپے کہاں سے آئیں گے۔انہوںنے کہا کہ اگر حکومت نے کام نہیں کرنا تو نہ کریں لیکن عوام کوریاست مدینہ کے نام پر دھوکا نہ دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایک طرف پاکستان کو مدینے کی ریاست بنانے کا دعویٰ کرتی ہے لیکن صدر مملکت کے گھر میں پرندوں کے پنجرے کے لیے 45 لاکھ روپے خرچ کر نے کے لیے ٹینڈر جاری کیے جاتے ہیں۔ ایک وقت کے کھانے پر ایک کروڑ 60 لاکھ خرچ کر دیے جائے ہیں دوسری طرف اور پورا ملک مہنگائی کی وجہ سے چیخ رہا ہے۔