راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی) الخدمت فائونڈیشن کی جنرل کونسل کا دو روزہ اجلاس الخدمت کمپلیکس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں الخدمت فائونڈیشن کے پروگرامات آفات سے بچائو ،صحت، تعلیم، صاف پانی، کفالت یتامیٰ ، مواخات اور سماجی خدمات کے نیشنل ڈائریکٹرز نے ملٹی میڈیا پریزنٹیشن کے ذریعے گزشتہ سال کی کارکردگی رپورٹ پیش کی جس کا اجلاس میں جائزہ لیا گیا۔اس کے علاوہ آئندہ کی منصوبہ بندی بھی پیش کی گئی۔اجلاس کی صدارت الخدمت فائونڈیشن کے مرکزی صدر محمد عبد الشکورنے کی۔ان کے علاوہ سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، نائب صدر ڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ،سیکرٹری جنرل شاہد اقبال،سیکرٹری فنانس مرزا منور حسین، ایگزیکٹو ڈائریکٹر خبیب بلال،ریجنل صدور اور نیشنل ڈائریکٹرز سمیت بڑے شہروں کے صدور بھی شریک ہوئے۔اجلاس سے خطاب میں محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی دکھی انسانیت کے لیے بلاتفریق رنگ و نسل اورمذہب کاوشیں جاری ہیں۔ الخدمت ملک بھر میں خدمت خلق کا ایک نمایاں نام بن چکی ہے اورمستحق اور نادار افراد کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے ان کے لیے خدمات سر انجام دے رہی ہے۔