ایکسپو سینٹر کی بحالی، کمشنر حیدرآباد کا اچھا قدم ہے، دولت رام لوہانہ

218

اِس بارے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کی ضرورت ہے،حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز

حیدرآباد

حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ نے کہا ہے کہ کمشنر حیدرآباد ڈویژن کی جانب سے ایکسپو سینٹر کو تباہی سے بچانے، اُس کی تزئین و آرائش کرنے اور بنیادی ضروریات کی چیزوں کی نمائش کا اہتمام کرانا قابل تحسین اقدام ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اُن اشیائے ضروریہ کی نمائشوں میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا ضروری ہے تاکہ نمائشوں میں شمولیت میں اضافہ ہو اور غریب عوام مہنگائی کے دور میں ضرورت کی چیزیں تھوک ریٹس پر خرید سکیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری ضلع حیدرآباد کا واحد لائیسنس یافتہ تاجر و صنعتکاروں کا نمائندہ چیمبر ہے لیکن ایکسپو سینٹر کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں اِس کے عہدیداران کو اعتماد میں نہ لینا اور نہ ہی کوئی نمائندگی دینا کوئی اچھا تاثر نہیں ہے۔

اِس سلسلے میں تاجر و صنعتکاروں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ اُنہوں نے کمشنر حیدرآباد ڈویژن محمد عباس بلوچ سے مطالبہ کیا کہ جو چیمبر دال، رائس، فلور ملز، چوڑی اور دستکاری کے کاموں کی بھرپور نمائندگی کرتا ہے اُس کے نمائندہ کو بھی ایکسپو سینٹر سے متعلق فیصلے کرتے وقت اعتماد میں لیا جائے اور چیمبر آف ایگریکلچر کی طرح حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کو بھی اعتماد میں لیا جائے اور اُس کا نمائندہ کمیٹی میں شامل کیا جائے۔