بونیر میں لینڈسلائیڈنگ‘ 10مزدور جاں بحق‘ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

100

بونیر( آن لائن+مانیٹرنگ ڈیسک )خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر کے علاقے بامپوخہ میں لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر ماربل کی کان میں کام کرنے والے 10 مزدور جاں بحق،5زخمی ہوگئے جبکہ مزید 13 مزدور ملبے تلے دب گئے۔لاشوں اور زخمیوں کو مقامی ڈگر اسپتال پہنچادیا گیا۔ ترجمان خیبر پختونخوا پی ڈی ایم اے تیمور علی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں اور کارروائی کی نگرانی کر رہی ہیں۔انہوں نے لینڈ سلائیڈنگ سے 10 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ 5 افراد زخمی ہوگئے جبکہ امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کر رہے ہیں۔ تیمور علی کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس واقعے کی تفتیش کررہی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بونیر میں ماربل کے پہاڑ توڑتے ہوئے مزدوروں پر سلیں گر پڑیں اور ہلاکتیں ہوئیں اور اب بھی 13 مزدوروں کی ملبے تلے دبنے کی اطلاع ہے۔ مالاکنڈ میں موجود پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق حادثے کے وقت 30 مزدور موجود تھے۔ محکمے کا کہنا تھا کہ سوات کے ڈی ای او عمران اور اسسٹنٹ کمشنر لطیف الرحمن پہاڑ کاٹنے کے آلات جائے حادثہ پرپہنچا کر امدادی کاموں کی نگرانی کررہے ہیں۔دریں اثناوزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی اپنے معاون خصوصی ریاض خان کو فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچنے اور لاپتا مزدوروں کی تلاش کا کام تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے ریسکیو سمیت دیگر متعلقہ محکموں کو تمام وسائل بروئے کار لانے کی بھی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔