لاشیں گننے کا وقت گیا، اب گرانے کا مرحلہ آن پہنچا،صدر آزاد کشمیر

84

باغ (صباح نیوز) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے نوجوان کسی محمد بن قاسم کے انتظار کے بجائے خود محمد بن قاسم بن کر محصور کشمیریوں کو ظلم سے نجات دلائیں، کشمیریوں نے ہمیشہ کھالیں کھینچوائیں اور اپنوں کی لاشیں گنیں ہیں لیکن ایسا لگتا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ کشمیر ی ظالموں کی کھالیں کھینچیںاور ان کی لاشیں بھی گنیں۔ باغ کے علاقے موہری فرمان شاہ کے نواحی گائوں گہل سیداں میں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں امن وسلامتی کو یقینی بنانا اور ظلم کو روکنا عالمی برادری کی ذمے داری ہے لیکن اگر عالمی برادری بھارت کا ہاتھ نہیں روکتی تو کشمیری نوجوانوں کے لیے بندوق اٹھانے کے سوا اور کون سا راستہ ہے؟ بھارت اس وقت جو کچھ کر رہا ہے اس کے بعد جہاد تمام مسلمانوں پر بالخصوص کشمیریوں پر فرض ہو چکا ہے، آزاد ی کیلیے سیاسی جدوجہد کے ساتھ ساتھ عسکری تیاری کی بھی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اس وقت کشمیریوں اور پاکستان پر حملہ آور ہو چکا ہے اور اس کو بھارت نے کبھی چھپایا نہیں ہے کیونکہ بھارت کے حکمران اعلانیہ کہہ رہے ہیں کہ وہ آزاد کشمیر پر قبضہ کریں گے اورپاکستان کے ٹکڑے ٹکڑے کریں گے، ان حالات میں آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو اپنی سر زمین کی حفاظت اور پاکستان کو دفاع کے لیے تیاری کر نا ہو گی، اگر مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر اور پاکستان کے نوجوانوں نے طے کر لیا کہ وہ مل کر آزادی کی جنگ لڑیں گے تو بھارت کے لیے اس جنگ کو ناکام بنانا نا ممکن ہو جائے گا۔ کانفرنس سے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے رکن اور پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین عبدالرشید ترابی، ڈائریکٹر جنرل کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ بریگیڈئر (ر) سید اختر حسین شاہ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔