مظفرآباد /ڈڈیال(صباح نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے لائن آف کنٹرول پربھارتی فوج کی شہری آبادیوں پر فائرنگ کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کی کارروئیاںمقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال سے توجہ ہٹانے کی ایک کوشش ہے ، بھارتی فوج آزاد کشمیر کے شہریوں کو آرٹیلری اور مارٹر گنوں سے نشانہ بنا رہی ہے ، اقوام متحدہ اور عالمی برادری بھارت کی اشتعال انگیز کاررائیوں اور2003ء کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا نوٹس لیں۔علاوہ ازیںڈڈیال میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے جہد مسلسل ہم پر فرض ہے اور ہم کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ دنیا کے سامنے اپنی شہیدوں کی لاشیں گنوانے ، عورتوں کی آبروریزی اور نوجوانوں کے اغوا کے قصے سننانے کے بجائے اب ایک ایسی جدوجہد شروع کرنا ہو گی تاکہ تاریخ کا پا نسہ پلٹ دیا جائے ، ظلم سہنے کے بجائے ظالموں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے ۔ کانفرنس کی صدارت برطانیہ سے آئے ہوئے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کی ۔کانفرنس سے پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین و ایم ایل اے عبدالرشید ترابی ، حریت کانفرنس کے رہنما الطاف حسین بٹ ، نائب امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر شیخ عبدالمتین ، شوکت علی کیانی صدر بار ایسوسی ایشن ڈڈیال ، راجہ الطاف خان امیر جماعت اسلامی ضلع میرپور ، راجہ ادریس خان ایڈووکیٹ اور راجہ فہیم کیانی نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر صدر آزاد کشمیر نے عبدالرشید ترابی کی کشمیر کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی ، آسیہ اندرابی ، یاسین ملک اور دیگر متعدد حریت رہنما قید زنداں میں ہیں اور اس تحریک کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں جورائیگاں نہیں جائیں گی ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اگر آپ شمالی امریکا سے لے کر ایشین سپیسیفک تک اور کراچی سے خنجراب تک لوگوں سے کشمیر کی آزادی کا حل پوچیں گے تو وہ سب با یک زبان ہو کر یہ بات کہیں گے کہ صرف سیاسی و سفارتی سطح پر جدوجہد کرنے سے کشمیر آزاد نہیں ہو گا بلکہ اس کے لیے جہاد نا گزیر ہے ، اس جہاد کی کیا نوعیت اور حیت ہو گی اس کا فیصلہ آپنے سوچ و بچار کے ساتھ کرنا ہے ۔دورہ ملیشیا میں مہاتیر محمد نے پیغام دیاکہ کشمیریو ںکہہ دیجئے آپ ضرورآزادی حاصل کریں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ آپ اپنے اختلافات کو ختم کر کے دشمنوں کی تعدا د گھٹائیں اور دوستوں میں اضافہ کریں ،اپنی معیشت مضبوط کریں اور غصے میں کوئی فیصلہ نہ کریں ۔عبدالرشید ترابی نے کہا کہ مملکت پاکستان اور اس کی عوام کشمیر کے ساتھ ایک غیر متزلزل کمٹمنٹ ہے اور یہ ہمارا بڑا اثاثہ ہے ۔ انہوں نے صدر آزاد کشمیر کی مسئلہ کشمیر پر سفارتکاری پران کی تعریف کی۔ راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ ہم برطانیہ اور یورپ میں کشمیر کا مقدمہ لڑ رہے ہیں وہاں پر زبردست مظاہرے اور ریلیاں ہو رہی ہیں لیکن یہ ذمے داری صرف ہماری ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں کشمیر اور پاکستانی جہاں جہاں رہتے ہیں اُن سب کی ہے ۔کانفرنس میں قرادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں۔