افغانستان میں امن معاہدہ جلدہونے والا ہے‘خیبر پختونخوا حکومت

67

سوات (صباح نیوز) خیبر پختونخوا کے وزیر ہائوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن معاہدہ ہونے کے قریب ہے اور امریکا افغانستان سے فوج نکالنے کے حوالے سے پاکستان کا محتاج ہے، اس وقت پاکستان دنیابھر میں امن کے لیے جانا جاتا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جور بانڈی میں سڑک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر امجد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت چہرہ سامنے آیا ہے جس سے ملکی وقار میں اضافہ ہوا ہے اور سیاحت میں پاکستان نئی مقبولیت حاصل کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ریکارڈ قرضے واپس کیے ہیں جبکہ ماضی میں حکمرانوں نے عوام کا استحصال کیا اور ترقیاتی کاموں میں کمیشن وصول کیے جس کا اب مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام اور نمائندوں کے درمیان فاصلے بھی ختم کردیے ہیں۔