آزاد کشمیر میں شجرکاری مہم کا آغاز، افتتاح راجا فاروق حیدر نے کیا

53

مظفرآباد (صباح نیوز) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجا محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ جنگلات ہمار ا زیور، ہمار ا حسن اور لباس ہیں، جنگلات کے اصل مالک عوام ہیں، کسی بھی ملک کے جنگلات قدرتی ماحولیاتی نظام کی بقاء، دھرتی کے حسن میں اضافے، زرعی و صنعتی معیشت کے استحکام اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے ضامن ہوتے ہیں۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے محکمہ جنگلات آزادکشمیر کے زیر اہتمام ’’Plant for Pakistan Day‘‘ کے موقع پر قومی شجر کاری مہم موسم بہار 020ء کے حوالے سے منعقد افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راجا فاروق حیدر نے کہا کہ ریاست بھر میں رواں سال شجر کاری کو کامیاب بنانے کیلیے خصوصی اقدامات کیے جائیں، جہلم ویلی اور نیلم ویلی کی مرکزی شاہراہوں کے دونوں طرف زیادہ سے زیادہ شجر کاری کریں تاکہ لینڈ سلائیڈنگ میں بھی کمی آسکے۔ پروٹیکشن کمیٹیاں بنائی جائیں تاکہ درختوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔ شجرکاری و شجر پروری اور جنگلات کی حفاظت کرنا صرف حکومت اور محکمہ جنگلات ہی کی ذمے داری ہی نہیں بلکہ یہ پوری قوم کی اجتماعی ذمے داری ہے۔ جب تک ہم سب مل کر اس ذمے داری کو نہیں نبھائیں گے کامیابی کا حصول ناممکن ہے۔ آزادخطہ کو تعمیر و ترقی سے آراستہ کرنا اور اسے سرسبز و شاداب رکھنا بھی ہمارا اولین فرض ہے۔ بلین ٹری منصوبہ میں آزادکشمیر کو شامل کرنے پر وزیراعظم پاکستان اور حکومت پاکستان کے شکرگزار ہیں۔ ہم نے بھی اپنے بجٹ سے شجر کاری مہم کیلیے خطیر رقم مختص کی ہے۔ محکمہ جنگلات کے لیے اس منصوبہ کی کامیابی بہت بڑا چیلنج ہے۔