آزادی مارچ میں دھوکا ہوا‘ ہماری دعائیں مولانا فضل الرحمن کے ساتھ تھیں‘ مشتاق احمد خان

89

ڈیرہ اسماعیل خان( صباح نیوز)جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مشتاق احمدخان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے،مولانا فضل الرحمن کو دیوار پر چڑھا کر سیڑھی کھینچ لی گئی، حکومت نے کشمیر کو فروخت کردیا ہے،عمران خان ٹوئٹر سلطان ہے،اب ٹوئٹ اور جمعہ کا احتجاج بھی چھوڑ دیا،اپوزیشن میں بھی چور،نیب زدہ اور مافیا بیٹھی ہوئی ہے ، گلیوں سے تحریک چلانے کیلیے جماعت اسلامی کی مکمل تیاری ہے، پریس کانفرنس۔ان خیالات کا اظہا انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ڈیرہ ضلعی امیر مولانا سلیم اللہ ارشد، حاجی بشیر ہرگن، زاہد محب ا للہ ایڈووکیٹ ، یوسف خٹک، تحصیل امیر عقیل ڈمرہ، کسان بورڈ کے صدر حافظ محمد رمضان اور الخدمت فائونڈیشن کے ضلعی صدر منظر مسعود کے علاوہ دیگر رہنما اور کارکن بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو دیوار پر چڑھا کر سیڑھی کھینچ لی گئی،ہم نے کہا تھا کہ یہ لوگ ناقابل اعتبار ہیں، ڈیفنس ایکٹ میں ترمیم کی بات پر پھر سب اکھٹے تھے،مہنگا ئی اور آئی ایم ایف کی غلامی سے بچنے کے لیے قانون سازی کیوں نہیں کی جاتی،ہماری دعائیں مولانا کے ساتھ تھی مگر آزادی مارچ میں ان کیساتھ دھوکا ہوا، مولانا دھوکا کرنے والوں کو منظر عام پر لائیں، حکومت نے کشمیر کو فروخت کردیا ہے،ہم متحدہ اپوزیشن کے پابند نہیں ہیں،ہم پارلیمنٹ، میڈیا اور گلی کوچوں میں اپوزیشن کا کردار ادا کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ٹوئٹر سلطان ہے،اب ٹوئٹ اور جمعہ کا احتجاج بھی چھوڑ دیا۔پی ٹی آئی بڑے سے بڑے دھوکے اور فریب کا نام ہے جس نے نوجوانوں کا جذباتی استحصال کیا ہے۔ موجودہ حکومت غربت اور غلامی کی حکومت ہے، یہ حکومت حق حکمرانی کھو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اور گزشتہ حکومت میں کوئی فرق نہیں دونوں نے عوام کو لوٹا ہے، پی ٹی آئی نے گزشتہ حکومت کی پالیسیاں جاری رکھیں ہے۔ہم حکومت کے خلاف ہیں مگر مجرم اپوزیشن کو بھی سمجھ رہے ہیں،اپوزیشن میں بھی چور،نیب زدہ اور مافیا بیٹھی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے گلیوں سے تحریک چلانے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔