ایران سرحد دوسرے روز بھی بند ،چاغی میں بھی ایمرجنسی نافذ

112

کوئٹہ/ تفتان/ پیرس (خبرایجنسیاں) ایران سرحد دوسرے روز بھی بند رہی جبکہ چاغی میں بھی ایمرجنسی نافذکردی گئی‘ سرحد کے دونوں اطراف گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں‘ پی ڈی ایم کا عملہ تفتان میں خیمہ اسپتال قائم نہ سکا‘ 10 پاکستانی کھلاڑی آذربائیجان میں محصور ہوگئے‘ ایران سے ملک میں داخل ہونے والے 250 افراد کو 15دن کے لیے قرنطینہ منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابقحکومت بلوچستان نے صوبے کے مختلف اضلاع کی طرح ضلع چاغی میں بھی ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تفتان بارڈر کو ہر قسم کی سرگرمیوں کے لیے سیل کردیا‘پی ڈی ایم بلوچستان کا عملہ تفتان پہنچ چکا ہے لیکن ابھی تک انہوں نے 100بیڈ کے اسپتال کو بنانے کے کام کا آغاز ہی نہیں کیا اور خیمہ اسپتال کا سامان ابھی تک پی ڈی ایم اے کے ٹرکوں میں لدا ہواہے‘ پی ڈی ایم کا عملہ صرف میٹنگز تک محدود ہے ۔ تفتان میں400 کے قریب ایرانی باشندے موجود ہیں جن کو واپس بھیجنے کے لیے تاحال کوئی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ انہیں واپس بھیجا جائے تاکہ وائرس کے ممکنہ پھیلائو سے پاکستانی عوام کو بچایا جاسکے۔ ایران میں کورونا وائرس کیسز سامنے آنے کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت تفتان میں پاک ایران سرحد پر امیگریشن گیٹ دوسرے روز بھی بند رہے‘ حفاظتی اقدامات کے تحت پاکستان سے ایران جانے والے مسافروں کو تفتان سرحد پر روک دیا گیا جب کہ ایران میں موجود پاکستانی زائرین کو فی الحال وہیں ٹھہرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سرحدکے دونوں اطراف لوگوں اورگاڑیوں کی آمدورفت معطل ہے پاک ایران سرحد پر امیگریشن گیٹ بند ہونے سے سرحد کے دونوں اطراف گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ تفتان میں فی الحال امیگریشن گیٹ بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پاکستان نے کورونا وائرس کو ملک میں پھیلنے سے روکنے کے لیے ایران سے آنے والے تقریباً 250 افراد کو سرحد پر ہی روک لیا اور حکام کی جانب سے تمام افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ پیر کو فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق حکام نے بتایا کہ کورونا وائرس کے پھیلائوکے پیشِ نظر پاکستان نے ان افراد کو ایرانی سرحد کے قریب روک لیا ہے تاکہ وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔ پاکستان کی ایران سے متصل تفتان سرحد کے اسسٹنٹ کمشنر نجیب اللہ قنبرانی نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم کوئی چانس نہیں لیں گے اس لیے ان تمام افراد کو اگلے15دن تک سخت نگہداشت میں ہی رکھا جائے گا‘250 افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ صوبہ بلوچستان کے سیکرٹری صحت مدثر ملک نے بتایا کہ صرف رواں مہینے ہی ایران سے 7ہزار زائرین وطن واپس آئے ہیں۔ دریں اثنا ایران میں کرونا وائرس کے باعث بلوچستان کک باکسنگ کے 10کھلاڑی آزر بائیجان میں پھنس گئے‘ کھلاڑیوں نے براستہ ایران سے کوئٹہ آنا تھا‘ کھلاڑیوں کے پاس کھانے پینے کے پیسے بھی ختم ہوگئے‘ کھلاڑیوں نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ ہمیں یہاں سے نکالنے کا بندوبست کریں‘ کھلاڑی عبدالوحیداچکزئی نے بتا یا کہ بلوچستان کے انٹر نیشنل کھلاڑی کک باکسنگ ورلڈ چیمپیئن شپ سے واپسی کے بعد آذربائیجان میں پھنس گئے ہیں۔